غربت اور غلامی ۔۔۔خاتمہ کیسے ہو؟ ۔۔۔ ایک مختصر تبصرہ


کتاب کی تقریب رونمائی سے صرف ایک دن پہلے جب برادرم فرنود عالم نے عزیزم ذیشان ہاشم کی کتاب “غربت اور غلامی۔ خاتمہ کیسے ہو” تھما دی تو مجھے یقین نہیں تھا کہ چارسو(400) صفحوں کی یہ کتاب میں ایک دن میں پڑھ سکوں گامگر جب مطالعہ شروع کیا تو کسی افسانوی ادب کے شاہکار کی طرح پھر کتاب سے سر اُٹھانے کو دل نہیں چاہا۔ کتاب کی شُستہ زبان، منطقی اور حوالہ جاتی اسلوب اور عام زندگی سے مثالوں نے اس کتاب کے پڑھنے کو ایک لطف انگیز تجربہ بنا دیا۔ یہ کتاب ملک و سماج کے اندر ایک صحتمند مکالمے کیلئے بہترین نکتئہ آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔

پڑھنے کے دوران جو سوالات میرے ذہن میں آتے گئے وہ آپ کے ساتھ شریک کرنا چاہتا ہوں۔

ایمانویل کانٹ نے جو ایک اہم فلسفیانہ زاویہ دریافت کیا ہے وہ یہ ہے کہ زمان و مکان اور قانونی علت انسان اپنے وجود میں ساتھ لئے پھرتا ہے۔ جبکہ کرکیگارڈ کا وجودی فلسفہ کہتاہے کہ موضوعی حقیقت انسانی فکر میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔یہ دونوں فلسفیانہ فریم ورک انفرادیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اسکی شکل ارتقائی ہوتی ہے۔ عمومی طور پر یہ ارتقاء اس سوال پر منحصر ہوتا ہے کہ ہم یہ جان لیں کہ ہم کیا جان سکتے ہیں اور جو جان سکتے ہیں اسکے ذرائع ادراک کیا ہیں؟ اس پسِ منظر میں یہ سوال بنتا ہے کہ کیا فرد کی آزادی کا ادراک ممکن ہے؟ کیا انفرادی آزادی کی مقدار اور حدود کا یقین کیا جا سکتا ہے؟

انفرادیت پسندی اور اجتماعیت میں توازن کے ضمن میں یہ سوال بہت اہم ہے کہ کیا فرد کا وجود سماج کے بغیر ممکن ہو سکتا ہے؟ اسکا جواب اگر نفی میں ہے تو پھر ہمیں یہ تحقیق کرنی ہوگی کہ ارتقائی مرحلوں کے دوران سماجی رشتوں کے وہ کون کونسے مستقل اُصول ہیں جو فرد کیلئے ممکنہ حد تک زیادہ خوشی، بقاء اور نشوونما کا سامان مہیا کر سکتے ہیں؟قوم، طبقے اور صنف کا سوال یہاں پر ابھرتا ہے ۔اختیار اور طاقت کی اجتماعیت کی دقیق موشگافیاں یہیں سے جنم لیتی ہیں۔ کیا یہ ممکن ہے کہ کسی قوم کا اختیارچھین لیا جاتا ہے، اُسکی شناخت کو تحلیل کیا جاتا ہے،اُسکے وسائل پر تسلط قائم کیا جاتا ہے اور اُسکو اپنے اوپر حکمرانی سے محروم کر دیا جاتا ہےمگر پھر بھی اُسی قوم کے افراد انفرادی طور پر خوشی کے حصول کے راستے پر گامزن ہو سکیں؟ مختصراً، کیا آزادی بغیر اختیار کے ممکن ہے؟

 محنت کی تقسیم اور وسائل و ذرائع پیداوار کی تقسیم میں توازن کیسے قائم ہو سکتا ہے؟ اس سلسلے میں آکسفیم کی حالیہ رپورٹ Economy for 99%?بہت اہم ہے۔ اس رپورٹ میں بین الاقوامی سطح پر وسائل و ذرائع پیداوار اور منافع کی غیر مساویانہ تقسیم کی روداد بیان کی گئی ہے؟ رپورٹ کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا آزاد منڈی کی معیشت کے قواعدوضوابط منصفانہ طور پر لاگو ہو سکتے ہیں؟

عقلیت پسندی اور تجربیت پسندی میں توازن کیونکر ممکن ہے؟ اکثر و بیشتر Rational Approach تجربیت کے آڑے آتا ہے۔آپکو یاد ہوگا کہ افلاطون اور ڈیکارٹ اول الذکر فریم ورک کو ترجیح دیتے ہیں اور جان لاک، ہیوم اور برکلے موخرالذکر کو۔ اول الذکر فریم ورک معروضی حقیقت کوخیال یا شعور کا پرتو سمجھتا ہے اور موخرالذکر فریم ورک معروضی حقیقت کو قائم باالذات سمجھتا ہے ۔

انفرادی نظام اقدار کی دلیل اس فکر پر کھڑی ہے کہ ہر فرد میں کامن سینس کے ذریعے حقیقت تک پہنچنے کی صلاحیت خلقی طور پر موجود ہوتی ہے۔ لیکن پھر یہ سوال أبھرتا ہے کہ نظام اور معاشرت کیسے وجود میں آتے ہیں؟ نظاموں کیلئے عروج اور فتح جیسے الفاظ کا استعمال شاید نان اکیڈمک کہلایا جا سکتا ہے۔ ذاتی نظامِ اخلاق اور معاشی آزادی، پیداوار، پیداوار کا ماحول اور پیداواری رشتے ایسی اہم اصطلاحات ہیں جنکی تفصیل بیان کرنا ضروری ہے۔ ہر معاشی نظام وسائل و پیداوار ہی کا مجموعہ ہوتا ہے۔ذریعہ پیداوار، طریقہ پیداوار اور تقسیم پیداوار ایک نظام کو دوسرے نظام ممیز کرتا ہے۔ کیپٹلزم اور آزاد منڈی کی معیشت نے اگر ایک طرف محنت کرنے اور نت نئے پیداوار کی طرف انسان کو مائل کیا ہے تو ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کی ہوس کی وجہ سے مختلف انسانی گروہوں کے درمیان معیار زندگی میں فرق بھی بڑھایا ہے ۔ سب سے زیادہ خطرناک بات یہ ہے کہ اس نظام قدر نے پہاڑ، پانی اور جنگلات تک کو چٹ کر لیا ہے۔ یہاں تک کہ گلیکسی کو بھی غیر متوازن کر لیا ہے۔ اسلئے کیپٹلزم کیلئے شائد اب سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ فطرت کی بربادی کو کیسے روکا جائے اور ماحولیاتی تبدیلی سے کیسے بچا جائے؟

تہذیبی ارتقاء، کلچر اور شناخت کا کیا جائے؟ یہ ایک ایسا اہم سوال ہے کہ جسکی وضاحت کئے بغیر تنوع کو سمجھنا ممکن نہیں ہے۔ تحقیق سے ثابت ہے کہ مختلف النوع ثقافتیں انسانوں کی اجتماعی دانش کا اظہار کرتی ہیں۔ یکسانیت پسندی اجتماعی دانش کا گلا گھونٹ دیتی ہے اور انسانی علم کو افلاس کا شکار کر دیتی ہے۔

بے مہار لڑائی جو معاشی سرگرمی اور پیداواری عمل کے ساتھ مسابقی اقدار اور رضاکارانہ تعاون کو منفی طور متاثر کرتی ہے کا علاج کیسے ممکن ہے؟ عدم تشدد کا ماڈل اور عدم مداخلت کی پالیسی موجود ہے مگر اطلاق کیسے ہو؟

شاید ریاستی نیشنلزم، تہذیبی نیشنلزم اور ثقافتی نیشنلزم میں فرق کرنا ضروری ہے۔ نیشنلزم کی موخرالذکر دو اقسام انسان دوستی، تنوع اور تکثیریت کے احترام سے پھوٹی ہیں جسکو جدیدتحقیق انسانی بقا کیلئے لازمی قدر قرار دیتی ہے۔ طاقت، اختیار اور لبرلزم کو انسانی آبادی کی ثقافتی اور تہذیبی اکائیوں کی شکل میں شاید بہتر سمجھا جاسکتا ہے۔ کیونکہ لبرل اقدارثقافتی اور تہذیبی نیشنلزم کا حصہ ہیں۔

جبر کے محرکات اور جبر کی نوعیت کیا ہوتی ہے؟ اس سوال پر غور کرنے سے شاید ہمیں فرد کے حق انتخاب کو محدود کر دینے والے عوامل کا صحیح اور درست ادراک حاصل ہو جائے گا۔ کتاب میں جبر کو سمجھنے کے لئے جو مثالیں دی گئی ہیں وہ شاید محدود تصورات کا احاطہ کرتی ہیں۔

ایک اور اہم سوال شاید یہ بنتا ہے کہ اصل تنازع جمہوریت اور فاشزم کے درمیان ہے یا اختیار اورعدم اختیاری کے درمیان؟

ڈاکٹر خادم حسین

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

ڈاکٹر خادم حسین

(خادم حسین پانچ کتابوں کے مصنف ہیں اور @khadimHussain 4 پر ٹویٹ کرتے ہیں۔ )

khadim-hussain has 9 posts and counting.See all posts by khadim-hussain