چوہدری نثار نے لاہور دھماکے کے باعث پریس کانفرنس پھر ملتوی کردی


پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کسی ایک انسانی جان کا ضیاع بھی بہت بڑا المیہ ہوتا ہے۔ لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت کی سبزی منڈی میں دھماکا اس وقت ہوا جب وہاں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری تھا۔ یہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ ہے یا حادثہ ہے، اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔  دھماکے میں زیادہ ہلاکتیں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی ہیں۔ آج انہیں کئی معاملات پر بات کرنا تھی لیکن لاہور واقعے کے بعد اب وہ سیاسی معاملات پر بات نہیں کریں گے کیونکہ یہ کسی طور پر بھی بہتر نہیں کہ ایک طرف جانوں کا ضیاع ہو اور وزیرداخلہ سیاسی معاملات لے کر بیٹھا ہو۔

چوہدری نثار علی خان گزشتہ کچھ عرصے سے وزیر اعظم کے گرد موجود چند وزرا اور مشیران سے ناخوش تھے، ان کا موقف تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کے گرد خوشامدیوں کا ٹولہ موجود ہے، اسی ٹولے کے غلط مشوروں کی وجہ سے نواز شریف پاناما کیس میں اس نہج تک پہنچے ہیں۔ چوہدری نثار علی گزشتہ کئی مشاورتی اجلاسوں میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔
چوہدری نثار کو منانے کے لیے وفاقی وزرا پر مشتمل کمیٹی نے بھی ملاقات کی تھی تاہم وہ ناکام لوٹی تھی۔ چوہدری نثار نے انہیں واضح کردیا تھا کہ ان کا مؤقف اصولی ہے اور وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).