’اچھے طالبان کے ہاتھوں جاں بحق اور برے طالبان کے ہاتھوں شہید‘


پاکستان اور افغانستان کے لیے پیر کا دن جان لیوا ثابت ہوا جہاں ہونے والے شدت پسندی کے واقعات نے عوام کو سوگوار کر دیا لیکن اس کے ساتھ ہی ٹوئٹر پر ہلاک اور شہید کی بحث بھی شروع ہو گئی۔ پیر کو ہونے والے دھماکوں کے بعد سے ٹوئٹر پر کابل اور لاہور میں ہونے والے دھماکے ٹرینڈز میں شامل ہیں۔

کابل کے ٹرینڈ میں روزانامہ جنگ کی اس خبر کو موضوع بنایا گیا جس میں کابل دھماکے میں ہلاکتیں اور لاہور دھماکے میں شہدا لکھا گیا۔

ثنا اعجاز نے دونوں خبروں کے عکس کے ساتھ ٹویٹ کیا کہ’ تو اگر آپ اچھے طالبان کے ہاتھوں مارے جائیں تو جاں بحق اور اگر برے طالبان کے ہاتھوں مارے گئے تو آپ شہید ہیں۔’

ایک اور صارف نے ٹویٹ کی کہ’ جب تمام مسلمان بھائی ہیں تو کس طرح افغان ہلاک اور پنجابی شہید؟ یہ منافقت ہے۔’

ایک دوسرے صارف قدرت اللہ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ’ہم مسلمان نہیں اور اسی وجہ سے ہلاک ہیں۔’

یہاں پر بلڈ مون نامی صارف نے افغان اخبارات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ افغان اخبارات کو کوئی اخلاقیات سیکھائے جن میں لکھا گیا کہ لاہور دھماکے میں متعدد ہلاک۔

یہاں پر تلخ ہوتی صورتحال کو ٹھنڈا کرنے کے لیے چترالی نامی صارف نے ٹویٹ کی کہ ‘اصل میں اگر ایک معصوم مارا جاتا تو سارے مارے جاتے ہیں اور اگر ایک بچ جائے تو سب بچ گئے۔’

(ذیشان ظفر)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp