نواز شریف کے بچوں کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے: پرویز مشرف کا مطالبہ


آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے میاں نواز شریف کو نااہل قرار دینا پاکستانی قوم کیلئے تاریخی دن ہے۔ سپریم کورٹ نے حق اور سچ کے عین مطابق فیصلہ دیا۔ بنچ میں شامل ججز دلیرانہ فیصلہ کرنے اور جے آئی ٹی اراکین شفاف تحقیقات کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ باقی چھ لوگوں کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ٹرائل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر ایک ویڈیو میسج کے ذریعے اپنے رد عمل میں کیا۔
سابق صدر پرویز مشرف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے پانچ ججوں پر مشتمل بنچ نے نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ حق اور سچ کے عین مطابق کیا جس کی وہ حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے جے آئی ٹی کے اراکین کو دھمکیوں اور سخت دباﺅ کے باوجود ایمانداری سے تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ مشرف نے مطالبہ کیا کہ باقی چھ لوگوں جن میں وزیر اعظم کے بچے، اسحاق ڈار اور کیپٹن صفدر ہیں، کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ٹرائل کیا جائے اور ان کا بھی قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے علاوہ بھی ایسے لوگ ہیں جو ملک لوٹنے، جھوٹ اور فریب کے مرتکب ہوئے ہیں، انہیں بھی قانون کے شکنجے میں آنا چاہیے۔ پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ وہ اکثر سوچتے تھے کہ 2008ء میں ان کے اقتدار چھوڑنے کے بعد پہلے آصف زرداری اور بعد میں میاں نواز شریف جھوٹ اور فریب کی بنیاد پر کیوں کامیاب ہوئے، مگر آج کے فیصلے سے ثابت ہوا کہ خدا کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے اور فتح ہمیشہ حق اور سچ کو حاصل ہوتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).