عمران خان کا اور ہمارا فکری ارتقا


ہمارے ایک بہت محترم کرم فرما نے عمران خان کی تعریف میں میری ایک پرانی تحریر شئیر کر کے اس پر کیپشن لگایا کہ ” ایک یہ بھی وقت تھا“۔ میں اس دوران عمران خان کی تقریر سن رہا تھا۔ عمران فرما رہے تھے کہ مسلم لیگ نے ان کے خلاف بہت ذاتی نوعیت کے شرمناک پروپیگنڈے کیے۔ پھر خان صاحب نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو کئی بار ” ذلیل آدمی“ کے خطاب سے نوازا۔

دیکھیے انسان کا فکری سفر جامد نہیں ہوتا۔ مجھے جو کل درست محسوس ہو رہا تھا وہ لکھا۔ جو آج درست ہوتا محسوس ہوتا ہے وہ لکھتا ہوں۔ ہر انسان تجزیہ اپنی فہم، مطالعہ، تاریخ کی روشنی اور افتاد طبع کے زیر اثر کرتا ہے۔ مزید وقت وقت اور مطالعہ سے انسان میں فکری بہتری آتی رہتی ہے۔ وقت تعین کرتا رہتا ہے کہ آپ کب غلط تھے اور کب سہی۔ لکھا ہوا موقف اگر غلط بھی ہو تو موجود رہنا چاہیے۔ اس سے پتہ چلتا ہے آپ کا فکری ارتقاء کیسے ہوا۔

مجھے سال یاد نہیں ہے مگر کالم یاد ہے۔ مشرف کو آئے بہت کم عرصہ ہوا تھا جب حامد میر نے ایک کالم لکھا تھا ” کیا پھانسی ہو گی“۔ اس کالم میں حامد میر صاحب یہ طے کر چکے تھے کہ 99 میں طیارہ سازش کیس میں نواز شریف نے جنرل مشرف کے ساتھ دیگر لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالی تھی۔ حامد میر صاحب یہ بھی طے کر چکے تھے کہ اس کیس میں میاں نوازشریف کو عدالت سے پھانسی کی سزا تو ملے گی۔ تاہم نتیجے کے طور پر انہوں نے لکھا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پرویز مشرف ان کی پھانسی کی سزا عمر قید میں بدل دیں گے۔

عرض کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ایک زمانے میں ہم بھی انقلاب کا خواب دیکھا کرتے تھے۔ ہم نے عمران خان کی تعریف کی تھی کہ گھر کے نوکروں کے ساتھ کھانا کھاتا ہے۔ کپڑے عام درزی سے سلواتا ہے۔ راہ چلتے چھپر ہوٹل سے کھانا کھاتا ہے۔ یہ وہ دور تھا جب عمران خان کہا کرتے تھے کہ شیخ رشید کو تو میں چپڑاسی بھی نہ رکھوں۔ آج شیخ رشید وزارت عظمی کے لئے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں۔ فکری ارتقاء اسی کا نام ہے۔ وقت تعین کرتا ہے کہ آپ کہاں کھڑے تھے۔

ظفر اللہ خان
Latest posts by ظفر اللہ خان (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

ظفر اللہ خان

ظفر اللہ خان، ید بیضا کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ زیادہ تر عمرانیات اور سیاست پر خامہ فرسائی کرتے ہیں۔ خیبر پختونخواہ، فاٹا، بلوچستان اور سرحد کے اس پار لکھا نوشتہ انہیں صاف دکھتا ہے۔ دھیمے سر میں مشکل سے مشکل راگ کا الاپ ان کی خوبی ہے!

zafarullah has 186 posts and counting.See all posts by zafarullah