شاہد خاقان عباسی وزیراعظم منتخب ہو گئے


پاکستان مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی ملک کے نئے وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں ہونے والے اجلاس کے دوران ہونے والی ووٹنگ میں انھوں نے 221 ووٹ حاصل کیے۔

ان کے قریب ترین حریف پیپلز پارٹی کے نوید قمر رہے جنھوں نے ووٹ 47 لیے۔

تحریکِ انصاف کے امیدوار شیخ رشید نے 33 ووٹ حاصل کیے جب کہ جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ طارق اللہ نے چار ووٹ لیے۔

اس سے قبل جب اجلاس شروع ہوا تو سپیکر نے اراکین سے اپنی پسند کے امیدوار کے لیے مقرر کردہ لابی میں جمع ہونے کو کہا۔

جس کے بعد ان ارکان کی گنتی کی گئی اور پھر سپیکر نے نتیجے کا اعلان کیا۔

قومی اسمبلی کا خصوصی اجلاس پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہوا۔

خیال رہے کہ اجلاس سے قبل حکمران جماعت مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم نے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کرنے پر اتفاق کیا تھا جبکہ دوسری جانب حزب مخالف کی جماعتیں اپنا متفقہ امیدوار لانے میں ناکام رہی تھی۔

واصح رہے کہ کسی بھی امیدوار کو کامیابی کے لیے342کے ایوان میں کم سے کم 172ووٹ حاصل کرنا تھا جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے پاس اپنے امیدوار کو منتخب کرانے کی لیے پہلے ہی واضح برتری حاصل تھی۔

اس سے قبل گذشتہ روز ابتدائی طور پر جن اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئے تھے اُن میں حکمراں جماعت کے شاہد خاقان عباسی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر، متحدہ قومی مومومنٹ کی کشور زہرہ، جماعت اسلامی کے رہنما حافظ طارق اللہ اور ایک ہی نشست رکھنے والی جماعت عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی شامل تھے۔

تاہم بعد میں پیپلز پارٹی کے امیدوار سید خورشید شاہ نے سید نوید قمر کے حق میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے جبکہ حکمران جماعت کی حمایت کا اعلان کرنے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کی کشور زہرہ بھی شاہد خاقان عباسی کے حق میں دستبردار ہو گئی تھیں۔

وزیراعظم کے انتخاب کا عمل مکمل ہونے کے بعد اب آج شام کو ہی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی اور صدر مملکت نومنتخب وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹAFPImage captionپاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے سروراہ شیخ رشید کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے
حلف برداری کی تقریب میں مسلح افواج کے سربراہوں کے علاوہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی شرکت بھی متوقع ہے۔

حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اس وقت قومی اسمبلی میں 187نشستیں ہیں جبکہ حکمراں اتحاد میں شامل دیگر جماعتیں بھی شاہد خاقان عباسی کو ہی ووٹ دیں گے۔ حکمراں اتحاد میں جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمن گروپ قابل ذکر ہے۔

حکمراں جماعت کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا انتخاب جیتنے کے بعد اُن کی جماعت کی توجہ اُن منصوبوں پر ہو گی جو ابھی مکمل نہیں ہوئے۔

اس کے علاوہ ان کی جانب سے اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے کہ انہی پالیسیوں پر عمل درآمد کیا جائے گا جو پالیسیاں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور سے چلی آرہی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp