سسلی اور پاکستان کی مافیا کا قانون پردہ پوشی


مختلف معاشروں اور تنظیموں کے طریق زندگی ہوتے ہیں جو لکھے نہیں جاتے لیکن ان پر جی جان سے عمل کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں پختون ولی کا قانون ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والا اپنے معاشرے میں زندہ درگور ہو سکتا ہے۔ قبائل کے علاوہ منظم جرائم پیشہ گروہوں کے بھی قوانین ہوتے ہیں۔ سسلی کی جرائم پیشہ مافیا کا بھی ایک ان لکھا قانون ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والے کو حقیقتاً زندہ درگور کر دیا جاتا ہے۔ اس قانون کا نام ہے اومرٹا۔ قانونِ خاموشی۔ قانونِ پردہ پوشی۔

اومرٹا کی جڑ اطالوی لفظ املٹا بیان کی جاتی ہے جس کا مطلب انکساری ہے۔ مافیا کے ہر رکن پر لازم ہے کہ وہ اس قانون کی پابندی کرے۔ سسلی کے جرائم پیشہ گروہ اپنی بقا کے لئے اور قانون سے محفوظ رہنے کے لئے اس پر سختی سے کاربند رہتے تھے۔ مافیا کی طرح ہی ہمارے ہاں مشہور ٹھگ قبیلے کا بھی ایسا ہی کوڈ ہوا کرتا تھا جس کی خلاف ورزی کی سزا موت تھی۔

اومرٹا کا قانون مافیا کے اراکین پر چند اہم ضوابط نافذ کرتا ہے۔ اس کے تحت مافیا کے اراکین ریاستی انتظامیہ اور پولیس سے دور رہتے ہیں اور ان سے کوئی تعاون نہیں کرتے۔ اگر وہ خود بھی کسی جرم کا شکار ہوں تو وہ ریاست کی بجائے مافیا کے گاڈ فادر سے انصاف مانگتے ہیں۔

اومرٹا کا قانون کہتا ہے کہ اگر مافیا کا کوئی رکن ایک جرم وقوع پذیر ہوتا ہوا دیکھے تو اس پر لازم ہے کہ نظریں چرا لے اور خواہ مخواہ دوسروں کے پھڈے میں دخل اندازی نہ کرے۔ اگر اسے کسی جرم میں دھر لیا جائے جب کہ وہ جانتا بھی ہو کہ اصل مجرم کون ہے، تو وہ اس کا نام نہیں لے سکتا بلکہ چپ چاپ اپنی سزا بھگتتا ہے۔ اصل مجرم خواہ مافیا سے لاتعلق ہی کیوں نہ ہو، اس کا نام لینا حرام ہے۔ مافیا کے دوسرے اراکین کو بچانے کے لئے خود سزا بھگتنے والا یہ جانتا ہے کہ سزا کے دوران اور اس کے بعد بھی اس کے خاندان اور اس کی اپنی ذمہ داری مافیا کے ذمے ہو گی۔

سسلی کی مافیا اومرٹا کے مقدس حلف کی خلاف ورزی کرنے والے کو قتل کر دیتی ہے۔ مافیا میں آنے کا راستہ تو کھلا ہوتا ہے، مگر اس سے زندہ نکلنا ممکن نہیں ہوتا ہے۔ پرانے وقتوں میں اومرٹا کا قانون توڑنے والے مجرم کی عورتوں اور بچوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا تھا۔ اب ایسا کیا جانے لگا ہے۔

سسلی کی مافیا سے پاکستان کی سیاسی مافیا مختلف ہے۔ پاکستانی سیاسی مافیا میں رکن رہتے ہوئے قانونِ پردہ پوشی اور مافیا چھوڑتے ہوئے قانون پردہ ریزی کا رواج ہے۔ اومرٹا کا حلف توڑ کر نکلنے والوں کی صرف کیریکٹر اساسینیشن کی جاتی ہے۔ یعنی ان کی کردار کشی کر کے انہیں صرف زندہ درگور کرتے ہیں، جان سے نہیں مارتے۔ پاکستان کی سیاسی مافیا کا یہ بھی رواج ہے کہ اومرٹا کا حلف توڑ کر مافیا کو خیرباد کہنے والا بھی اپنے سابقہ گاڈ فادر کی کردارکشی کرسکتا ہے۔

 

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar