تحریک انصاف کی حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں



رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں حکمران جماعت تحریک انصاف کی مخلوط حکومت سے آفتاب احمد خان شیر پاؤ کی جماعت قومی وطن پارٹی کی علیحدگی اور حکومت میں شامل دوسری پارٹی جماعت اسلامی کی طرف سے خیبر بنک کے معاملے پر حکومت کو ڈیڈلائن دینے کے بعد بظاہر وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔
قومی وطن پارٹی کی حکومت سے بےدخلی کے بعد گذشتہ روز پہلی مرتبہ ان کی طرف سے واضح طور پر صوبے میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق موقف سامنے آیا ہے۔
پارٹی کے صوبائی ترجمان طارق خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ان کی جماعت کے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے ہوئے ہیں اور وہ صوبائی حکومت کی تبدیلی کی صورت میں دیگر جماعتوں کے ساتھ تعاون کریں گے۔

انھوں نے اس بات کی سختی سے تردید کی کہ ان کی جماعت کے تین ایم پیز نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ پانچ دن قبل تحریک انصاف کے دو صوبائی وزرا شاہ فرمان اور علی امین گنڈاپور نے اچانک اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران قومی وطن پارٹی سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پی ٹی آئی کے وزرا کا موقف تھا کہ یہ اتحاد پارٹی سربراہ عمران خان کے کہنے پر ختم کیا گیا ہے۔
تاہم بتایا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ پرویز خٹک قومی وطن پارٹی سے اتحاد ختم کرنے کے حق میں نہیں تھے بلکہ یہاں تک کہا جاتا ہے کہ ان کو اس سارے مشاورتی عمل سے لاعلم رکھا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اتحاد عمران خان کے قریبی سمجھے جانے والے دو صوبائی وزرا عاطف خان اور شیرام خان کے کہنے پر ختم کیا گیا ہے۔
دونوں وزرا کے گذشتہ کچھ عرصہ سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے شدید اختلافات چلے آرہے ہیں اور جس کی تصدیق دونوں وزرا ذرائع ابلاغ میں بھی کرتے رہے ہیں۔
ادھر بعض حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمران اتحاد میں شامل جماعت اسلامی نے وزیراعلیٰ کو ڈیڈ لائن دی ہے کہ خیبر بنک کے ایم ڈی کو فوری طور پر برطرف کیا جائے بصورت دیگر وہ حکومت سے الگ ہو سکتے ہیں۔

قومی وطن پارٹی کی حکومت سے علیحدگی کے بعد صوبائی حکومت اب جماعت اسلامی کے رحم کرم پر قائم ہے۔
وزیراعلیٰ کو حکومت برقرار رکھنے کے لیے جماعت اسلامی کو اپنے ساتھ ملانا ضروری ہو گیا ہے کیونکہ ان کے الگ ہو جانے کی صورت میں وزیراعلیٰ کو ایوان میں عددی اکثریت برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔

یاد رہے کہ خیبر بنک کے ایم ڈی نے جماعت اسلامی کے وزیر برائے خزانہ مظفر سید پر بنک کے معاملات میں اختیارات سے تجاوز کرنے اور بھرتیاں کرنے کے الزامات لگائے تھے اور بعد میں دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف اخبارات میں اشتہارات بھی چھھوائے تھے۔
صوبائی حکومت نے اس معاملے کی ان کوائری بھی کرائی تھی لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا جبکہ ایم ڈی بدستور اپنے عہدے پر کام کر رہے ہیں۔

ادھر کچھ عرصے سے صوبے میں تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کی خبریں بھی آتی رہی ہیں اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ کے مخالف سمجھے جانے والے 12 ایم پیز کا گروپ ایک مرتبہ پھر فعال ہو گیا ہے۔
ان ناراض ارکان میں بیشتر وہ ارکان شامل ہیں جنھوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن جیتا تھا لیکن بعد میں وہ پی ٹی آئی میں شامل ہو کر حکومت کا حصہ بن گئے تھے۔

ناراض ارکان کی وزیراعلیٰ سے پانچ بڑی شکایتیں

1۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں تمام اہم وزارتیں اتحادی جماعتوں میں بانٹ دی ہیں اور ان کو زیادہ با اختیار بنایا ہے۔ آنے والے عام انتخابات میں حکومت کی کارکردگی کا سارا حساب کتاب تحریک انصاف سے مانگا جائے گا بلکہ اتحادی جماعتوں کا ملبہ بھی حکمران جماعت پر ہی گرے گا۔

2۔ وزیر اعلیٰ سے شکایت ہے کہ انھوں نے پی ٹی آئی کے منشور اور ایجنڈے پر عمل درآمد نہیں کرایا۔ تبدیلی کا جو نعرہ لگایا گیا اس پر اس کی اصل روح اور جذبے کے ساتھ عمل درامد نہیں کرایا گیا جس سے نہ صرف جماعت عوام میں بدنام ہوئی بلکہ جن لوگوں نے تبدیلی کو ووٹ دیا تھا وہ بھی اب متنفر دکھائی دیتے ہیں۔

3۔ ناراض اراکین یہ الزام لگاتے ہیں کہ وزیراعلیٰ نے اپنے حلقے کے علاوہ باقی ماندہ تمام اضلاع کو نظر انداز کیے رکھا۔ گذشتہ چار سالوں میں پرویز خٹک صوبے کے تمام اضلاع کے دورے تک نہیں کر سکے، صرف اپنے حلقے پر توجہ دی اور وہاں تمام ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا۔

4۔ مخالفین کا موقف ہے کہ صوبے میں میرٹ کی پالیسی پر بڑا زور دیا گیا اور اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا لیکن اس پر حقیقی طورپر عمل درآمد کا شدید فقدان رہا۔ احتساب کا نعرہ بھی محض نعرے سے زیادہ کچھ ثابت نہیں ہوا۔

5۔ وزیراعلیٰ پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ انھوں نے نوکر شاہی اور سرکاری افسروں کے ساتھ شروع ہی سے ٹکراؤ کی پالیسی اپنائے رکھی جس کی وجہ سے حکومت کو اپنے ایجنڈے کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا رہا۔ ان کے مطابق تمام سرکاری افسران حکومت کے شدید مخالف ہیں اور آئندہ انتخابات میں یہی افسران جماعت کے لیے یقینی طور پر مسائل پیدا کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp