لال پٹی والا طوطا اور بلڈی سویلین کے حصے کا آلو گوشت


میرے عزیز ہم وطنو! محلہ نیم حکیماں اور اس کے پرخطر گرد و نواح میں نقارہ خدا بجانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ تمام اہلیان محلہ کو یہ حکم دیا جاتا ہے کہ دلوں کو بند اور آنکھوں کو کھول کر ثواب دارین حاصل کریں۔ شکریہ!

ٹن، ٹن، ٹن

با ادب، با ملاحظہ، ہوشیار! شہنشاہ پنجاب و سندھ عزت مآب جناب ابن الوقت کے دربار عالیہ کا وقت شروع ہوا چاہتا ہے۔ درباریوں کو حکم دیا جاتا ہے کہ اپنی نظریں اور گردنیں زمین میں گاڑ لیں۔ ورنہ ایسی کی تیسی۔۔۔

ٹن، ٹن، ٹن

جن کو تھا زباں پہ ناز

چپ ہیں وہ زبان دراز

ٹن، ٹن، ٹن

یہ جو دس کروڑ ہیں

جہل کا نچوڑ ہیں

اے خدا مرے ابو سلامت رہیں

 اے خدا مرے ابو سلامت رہیں

مرے ابو نے خریدی اک بیمہ پالیسی

 ٹن، ٹن، ٹن

بولتے جو چند ہیں

سب یہ شر پسند ہیں

خدا کا صد شکر کہ اگلی گھنٹی بجنے سے پہلے ہی ہماری تو چھٹی ہوئی۔ جی آنکھ کھل گئی۔ سر ماشااللہ نہ اٹھ پایا کہ گردن تو پہلے نقارے کے بعد ہی زمین میں گڑ چکی تھی۔ اٹھانے کی بہت کوشش کی لیکن دل پاگل تھوڑا ہی تھا۔ بالکل  نہ مانا۔ اسی لال پٹی والے ہرے طوطے کے موافق جس کی ساری عمر سونے کے پنجرے میں گزری۔ کسی دل والے نے خرید کر اپنی دانست میں آزاد کرنا چاہا تو میاں مٹھو خود ہی انکاری ہو گئے۔ اپنے ننھے ننھے پنجے مضبوطی سے پنجرے کی زمین میں گاڑ دئیے۔ ہے کوئی مائی کا لعل جو مجھے مرے زنداں سے نکال کر دکھائے؟ اپنا گھر ہے جی۔ عادت ہے یہاں کی۔ قید کا بھی اپنا ہی چسکہ ہے۔ نشہ یہ قید نہ نشہ ہے۔ تم نہیں سمجھو گی سمرن۔

اپنے خرچ پر ہیں قید

لوگ تیرے راج میں

دیکھو بھائی صاحب، فری ورلڈ ہے یہ۔ ہاں؟ ملک اپنا ویسے ہی آزاد ہے۔ سب کو آزادی ہے جو چاہے کھائیں، جو چاہے پیئیں۔ اچھا اس پینے والی شق کو ملک کے وسیع تر مفاد میں آگے پیچھے کیا جا سکتا ہے۔ جہاں جی چاہے کھڑے ہوں، بھلے پنجرے کے پرلے  کونے میں، بھلے ارلے کونے میں۔ کھلی چھٹی ہے پیاری۔ بہت بغاوت کا موڈ ہو پنجرے سے باہر بھی دیکھ سکتے ہو۔ کیسا سہانا گگن دکھتا ہے ناں؟ نیلا نیلا امبر۔۔۔ بہت مزہ آ رہا ہے ناں؟ کوئی قفل ہے بھلا؟ ذرا دیکھو تو۔۔۔ کچھ بھی تو نہیں ہے۔

ابے یہ کہاں جھانک رہے ہو؟ دل میں جھانکنا  تو سخت منع ہے۔ آئندہ یہ غلطی کی تو زنداں سے باہر پھنکوا  دیں گے مالک۔ باولے ہوئے ہو کیا؟

کیا کہا؟ دھک دھک کرنے لگا؟ کنٹرول بابا۔۔۔

مرے عزیز ہم وطنو! پاک سر زمین سکنہ محلہ خطرہ جان اور اس کے مضافات میں آلو گوشت میں کفگیر چلانے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ سب بلڈی سویلین صاحبان سے گزارش ہے اپنے اپنے حصے کا آلو حاصل کرنے کے لئے قرعہ اندازی میں نام لکھوا لیں۔ پھر نہ کہنا خبر نہ ہوئی۔ شکریہ!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).