منی بدنام کیوں ہو رہی ہے؟


فلم ‘دل سے’ میں شاہ رخ خان کے ساتھ چلتی ٹرین کی چھت پر چھیا چھیا کی دھن پر رقص کرنے والی ملائکہ اروڑہ نے 1998 کے بعد کافی لمبے سفر اور طویل عرصے میں بالی وڈ میں اپنی ایک الگ پہچان بنائی ہے۔ کہنے کو تو وہ سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی بیگم رہ چکی ہیں لیکن ان کے مشہور آئٹم نمبرز نے انھیں کافی شہرت دی ہے۔

دوسری مشہور ہستیوں کی طرح ملائکہ بھی سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر شائع کرتی رہتی ہیں جن میں کبھی ان کی پارلر سے نکلتی تصویر اور کبھی ماڈرن لک اور بنداس انداز کی ہالی ڈے کی تصاویر بھی شامل ہوتی ہیں۔

ملائکہ ارباز کے درمیان حال ہی میں اتفاقِ رائے سے طلاق ہو چکی ہے اور دونوں ہی دو مہذب انسانوں کی طرح طلاق کے بعد بھی اچھے دوستوں کی طرح ملتے ہیں اور شاید اس کی ایک وجہ ارباز اور ان کا بیٹا بھی ہے۔

سوشل میڈیا پر انھیں دولت مند شخص سے شادی کر کے ایلمنی میں بڑی بڑی رقم ہتھیانے والی کہا جا رہا ہے۔ جس کا ملائکہ نے سوشل میڈیا پر آکر ہی منہ توڑ جواب دیا۔

ویسے سوشل میڈیا پر ٹرول بھی ایک فیشن بن چکا ہے ایلمنی لینے یا دینے کا معاملہ ملائکہ اور ارباز کا ذاتی مسئلہ ہے اور یوں بھی جب کبھی عورت روایتی رشوں کے بندھن کو توڑ کر باہر نکلنے کی کوشش کرتی ہے تو الزامات کے تیروں کا نشانہ صرف وہی ہوتی ہے۔

ارباز اور ملائکہ اکثر ایک دوسرے کے ساتھ ہنسی خوشی نظر آتے ہیں۔ جمعہ کے روز ارباز نے اپنی 50ویں سالگرہ ملائکہ کے ساتھ منائی تو پھر ٹرول کرنے والوں کو کیا کہا جائے بیگانی طلاق میں عبداللہ دیوانہ!

گلوکار میکا سنگھ اکثر تنازعوں کا شکار ہو جاتے ہیں کبھی کسی کو تھپڑ رسید کر کے تو کبھی کسی کو بوسہ دے کر۔ اس بار انہوں نے انڈیا کے نام نہاد دیش بھکتوں کے چھتے میں ہاتھ ڈالا ہے۔

میکا اس ہفتے انڈیا پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں ایک شو کرنے والے ہیں۔

اب شو کی پبلسٹی ویڈیو میں میکا پاجی پاکستان کو ‘ہمارا پاکستان’ کہہ بیٹھے کہ ہم انڈیا اور ہمارے پاکستان کا جشنِ آزادی ایک ساتھ منائیں۔

اب سوشل میڈیا پر ان کی دیش بھکتی پر شک کیا جا رہا ہے اور انھیں شرم دلوانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

میکا سنگھ نے ابھی تک تو اس پر کوئی ردِ عمل ظاہر نہیں کیا لیکن یہ سوال بھی کیا جا رہا ہے کہ کیابھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت میں پاکستان کا نام لینا اتنا بڑا گناہ ہے؟

اداکار عمران ہاشمی کا جہاں ایکٹنگ میں اپنا ایک الگ انداز ہے وہیں اصل زندگی میں بھی وہ ڈپلو میسی کا سہارا نہیں لیتے۔

اس وقت بالی وڈ میں اقربا پروری پر زوروں سے بحث چھڑی ہوئی ہے اور میڈیا والے بھی ہر اداکار کے منہ پر مائیک رکھتے ہی اس بارے میں سوال داغ دیتے ہیں تو بیچارے سٹارز کو کچھ نہ کچھ بولنا ہی پڑتا ہے۔

کوئی کہتا ہے کہ یہ سب بکواس ہے تو کوئی اس کے خلاف بولتا ہے۔

اب جب عمران ہاشمی کی باری آئی تو انھوں نے صاف کہا کہ اگر آج وہ اس انڈسٹری کا حصہ ہیں تو اقربا پروری کے سبب کیونکہ اگر ان کے انکل مہیش بھٹ انھیں چانس نہ دیتے تو شاید وہ فلموں میں نہ ہوتے۔

کیا بات ہے عمران صاحب فلموں میں ہیروئنز کے ساتھ بے باک انداز میں کام کرنے والے ہیرو اصل زندگی میں بھی کتنے بنداس ہوتے ہیں یہ کوئی آپ سے سیکھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp