میاں صاحب اپنے گھر کی بہو کیلیے کمیٹی کب بنائیں گے: عائشہ احد


حمزہ شہباز کی بیوی ہونے کا دعویٰ کرنے والی عائشہ احد کا کہنا ہے کہ عائشہ گلالئی کیلیے پارلیمانی کمیٹی تو بنا دی لیکن میاں صاحب اپنی گھر کی بہو کے لیے کمیٹی کب بنائیں گے۔

لاہور پاکستان تحریک انصاف کی رہنماؤں فردوس عاشق اعوان اور یاسمین راشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عائشہ احد نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب اپنی گھر کی بہو کے لیے کمیٹی کب بنائیں گے، ایک پارلیمانی کمیٹی خان صاحب اور عائشہ گلالئی کے لیے بنائی گئی ہے، دوسری کمیٹی میرے اور حمزہ شہباز کے لیے بنائی جائے اور میرے کیس میں بھی شفاف تحقیقات ہونی چاہیئے۔

عائشہ احد کا کہنا تھا کہ کیا میں کسی کی بہن، بیٹی نہیں جب کہ میرے پاس بھی سب کے میسجز موجود ہیں اور حمزہ کے خلاف میرے پاس ثبوت ہیں جو لے کر الیکشن کمیشن جا رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاملات کا شہباز شریف، نوازشریف اور کلثوم نواز کو بھی پتا ہے جب کہ گزشتہ 7 سال سے عدالتوں کے چکر لگا رہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ 2010 میں میری شادی حمزہ شہباز سے ہوئی جب کہ حمزہ شہباز صادق اور امین نہیں ہیں اور (ن) لیگ والے کس طرح خواتین کی عزت کی بات کر رہے ہیں، (ن) لیگ کے کارکنوں کے ذریعے مجھ پر تشدد کروایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں اور نہ میں نے پیسے کی ڈیمانڈ کی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیئے، اگر عائشہ گلا لئی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بن سکتی ہے تو پھر عائشہ احد کے معاملے پر بھی بننی چاہیئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).