راکھی باندھنا اسلام میں حرام ہے


انڈین کرکٹر عرفان پٹھان نے راکھی پہنے ایک تصویر ٹویٹ کی جس کے بعد ’ہندوؤں کا تہوار‘ منانے پر انہیں ٹوئٹر پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سات اگست کو ہندوستان میں راکھی یا رکشا بندھن کا تہوار منایا گیا۔ اس موقعے پر عرفان پٹھان نے اپنی کلائی پر بندھی راکھی کے ساتھ ایک سیلفی پوسٹ کرتے ہوئے لوگوں کو اس تہوار کی مبارکباد دی تھی۔

جل پارہ نام کے ٹوئٹر صارف نے لکھا: ‘ایک مسلمان کی طرح برتاؤ کریں۔ آپ کے والد نے آپ کو اس بدعت کے بارے میں نہیں بتایا۔ آپ کو علم ہونا چاہیے۔’

محمد گل فراز احمد نے عرفان کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ‘یہ آپ نے اچھا نہیں کیا۔’

وسیم رضا کہتے ہیں: ‘آپ نے جو کیا ہے، اسلام میں یہ درست نہیں ہے، پٹھان بھائی۔’

اگرچہ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنھوں نے عرفان کی تصویر کا خیر مقدم کیا۔ خیال رہے کہ انڈیا کی تاریخ میں مغل بادشاہ ہمایوں کے پاس ایک ہندو رانی کا راکھی بھیج کر مدد طلب کرنا اور ہمایوں کا مدد کرنا درج ہے۔

اس تہوار میں بہن بھائی کی کلائی پر ایک دھاگہ باندھتی ہے جو کہ اس بات کا عہد ہوتا ہے کہ بھائی اپنی بہن کی حفاظت کرے گا۔

فیروز لکھتے ہیں: ‘ہندوستان میں مختلف ثقافتوں کا انوکھا امتزاج ہے۔ اس کو مذہب کے علاوہ انسانیت سے جوڑنا بہتر رہے گا۔‘

سہیل کہتے ہیں: ‘ماشاللہ عرفان بھائی۔ میری مسلمان بھائیوں سے درخواست ہے کہ اب یہ تبصرہ نہ کریں کہ راکھی باندھنا اسلام میں حرام ہے۔’

خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ماہ بھی عرفان پٹھان اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک تصویر کی وجہ سے سرخیوں میں تھے۔ اس تصویر میں عرفان پٹھان کی اہلیہ نے ہاتھوں سے چہرہ چھپا رکھا تھا اور ان کی انگلیوں پر لگی نیل پالش نمایاں طور پر نظر آ رہی تھی۔ ٹوئٹر پر ٹرول کرنے والوں نے ان سے کہا تھا کہ یہ اسلام میں حرام ہے۔

اس سے قبل انڈین فاسٹ بولر محمد شامی کی اہلیہ کی تصویر پر بھی کچھ لوگوں نے اعتراض کیا تھا اور دوسرے کرکٹر ان کے دفاع میں سامنے آئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp