ریلی میں عدم شرکت کی وجہ کمر درد نہیں، چوہدری نثار


سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے کمر درد سے متعلق خبروں کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ ریلی میں عدم شرکت کی وجہ کمر درد نہیں۔ ایک بیان میں چوہدری نثار نے کہا کہ میڈیا کے کچھ حلقے ان کے حوالے سے خود ہی خبر بناتے ہیں اور پھر خود ہی اس پر تبصرے شروع کر دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہ تو انہوں نے کسی کو یہ کہا کہ وہ کمر درد کی وجہ سے ریلی میں شامل نہیں ہوسکے اور نہ ہی ریلی میں عدم شرکت کی وجہ کمر درد ہے۔ چوہدری نثار کے مطابق ننانوے فیصد سینئر لیڈرشپ ریلی میں نہیں ہے، صرف انہیں ہی متنازع کیوں بنایا جارہا ہے؟ ان کا مزید کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ نواز شریف کی گاڑی چلا کر لاہور جائیں گے مگر کچھ حلقے یہ خبر پورا دن تواتر سے چلاتے رہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ حد تو یہ ہے کہ ابھی کچھ دیر پہلے ان کا ایک بیان چلتا رہا جو انہوں نے کسی کو دیا ہی نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).