قوم کے ایجنڈےکا اولین نکتہ ووٹ کا احترام ہے: نوازشریف
لاہور میں مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نوازشریف نے کہا کہ قوم کے ایجنڈےکا اولین نکتہ ووٹ کا احترام ہے۔ عوام کے ووٹ کا احترام نہ ہونے کی وجہ سے ملک نے مصیبتیں جھیلی ہیں۔
نوازشریف نے مزید کہا کہ ہم آپ کے ووٹ کا احترام کروائیں گے۔ ابھی تو ایک سال باقی تھا، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کےساتھ ہم بجلی وافر مقدار میں لے آتے ، ہم لوگوں کو سستا اور فوری انصاف دیں گے۔ نوازشریف نے کہا کہ بالکل تیار ہوں کہ آئینی ترامیم کی جائیں یا قانون تبدیل کیے جائیں ۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ انسانوں کا سمندر تھا جو اسلام آباد سےلاہور تک ہمارے ساتھ آیا، لوگ بلاوجہ ہمارے ساتھ نہیں آئے، وہ ملک میں آتی خوشحالی دیکھ رہے ہیں۔
نوازشریف نے یہ بھی کہا کہ یہ جو تماشا 70 سال سے ہوتا چلا آیا ہے، یہ بند نہ ہوا تو اللہ نہ کرے، پاکستان کو کسی اور حادثے سے دو چار کردے گا جس کا کوئی بھی متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ خوشی تو تب ہوتی کہ مشرقی پاکستان بھی ہمارے ساتھ ہوتا اور ترقی میں پیش پیش ہوتا ،ایک بازو کٹ کے بنگلہ دیش بن گيا، بچے کچھے حصے میں ہم نے انتشار ہی انتشار دیکھا ۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ نظریہ ضرورت ایجاد ہونےکا نتیجہ یہ نکلا کہ قائد اعظمؒ کا پاکستان ٹوٹ گیا ، افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ وقت آگیا ہے کہ ملک کو بانی پاکستان کے طے کردہ راستے پر گامزن کیا جائے۔
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).