پیپلز پارٹی کا چوہدری نثار علی خان کون ہے؟


سیانے لوگ بتاتے ہیں کہ سوال ہر وقت اور ہر جگہ موجود ہوتا ہے۔ سوال انتظار کرتا ہے کہ سوال اٹھانے والا کب پیدا ہو گا۔ مائیکل اینجلو نے کہا تھا کہ وہ مجسمہ نہیں تراشتا۔ مجسمہ تو پہلے سے پتھر میں موجود ہوتا ہے۔ مجسمہ ساز کا کام صرف اتنا ہے کہ ارد گرد کے فالتو پتھر ہٹا دے۔ اندر سے مجسمہ برآمد ہو جاتا ہے۔ آج کا سوال یہ ہے کہ پیپلز پارٹی میں چوہدری نثار علی خان کون ہے۔ اس سوال کا جواب جاننے کے لئے ذیل کے چھوٹے چھوٹے پتھر ہٹا کر دیکھیے۔ ممکن ہے آپ پاکستان یپپلز پارٹی میں موجود چوہدری نثار علی خان کو پہچان سکیں۔

٭ چوہدری نثار علی خان کے نام کا اہم ترین جزو چوہدری ہے۔ معلوم کرنا چاہیے کہ پیپلز پارٹی کے کون سے رہنما کے نام کا جزو لاینفک چوہدری ہے۔

٭ چوہدری نثار علی کی ایک نشانی یہ ہے کہ وہ اکتوبر 1999 سے اکتوبر 2002 تک منظر عام سے غائب رہتا ہے البتہ 2007 میں پوری شان و شوکت سے نمودار ہوتا ہے۔

٭ چوہدری نثار علی خان کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ ایوان زیریں یا ایوان بالا میں حزب اختلاف کا قائد بننا پسند کرتا ہے۔ ایسا کرنے سے آئندہ کسی صورت حال میں اصل قیادت کے حصول کی امید قائم رہتی ہے۔

٭ چوہدری نثار علی خان کی ایک نادر خوبی یہ ہے کہ طاقور سے لڑنے کا مرحلہ درپیش ہو تو مصلحت کا گھونگھٹ نکال لیتے ہیں البتہ کمزور سیاسی حریفوں کے بارے میں دبنگ لہجے میں بات کرتے ہیں۔

٭ چوہدری نثار علی خان کی ایک فضیلت یہ ہے کہ ایوان میں کسی چھوٹے موٹے رکن اسمبلی کو منہ نہیں لگاتے بلکہ مخالف دھڑے میں بھی زور آزمائی کے لئے کوئی چوہدری تلاش کرتے ہیں۔

٭ چوہدری نثار علی خان ایک مدت سے خواہش مند ہیں کہ ووٹ لینے کی صلاحیت رکھنے والے چند افراد انہیں میسر آ جائیں تو وہ ایک جہاں دیدہ مرغی کی طرح ان چوزوں کو سیاست کے گر سکھائیں۔ لیکن چوہدری صاحب کی ذہانت اور نازک مزاجی سے سب فانی انسان بدکتے ہیں۔ نظیر اکبر آبادی کے ہنس کی طرح چوہدری نثار علی خان کو آخر کے تئیں اکیلے ہی پدھارنا پڑتا ہے۔

٭ چوہدری نثار علی خان کی کمر کا درد وقت بھی پہچانتا ہے اور موقع شناس بھی ہے۔ کمر درد کی سانجھ بھی ایک ممکنہ نشانی ہے۔

٭ چوہدری نثار علی خان کا کمال یہ ہے کہ اگر منجدھار میں ان کی ضرورت پڑے تو وہ ریت کی بوری کمر پر اٹھائے نہر کا پشتہ مضبوط کرنے نکل پڑتے ہیں۔ اور اگر پانی کناروں سے چھلک اٹھے تو پھاوڑا کندھے پر رکھے کشتی کے پیندے میں سوراخ کرنے چلے جاتے ہیں۔

٭ چوہدری نثار علی خان کی سیاست آئینی موشگافی اور زمینی حقائق کے درمیان کسی موہوم نکتے پر رقص کناں رہتی ہے۔

چوہدری نثار علی خان میں ایک ایسی خوبی پائی جاتی ہے جو پیپلز پارٹی میں ان کے ہم منصب رہنما میں بھی نہیں ملتی۔ چوہدری نثار علی خان کو سردی کے موسم میں شدت سے ٹھنڈ لگتی ہے اور گرمیوں کے موسم میں انہیں دھوپ سے وحشت ہوتی ہے۔ پیپلز پارٹی میں موجود ان کا ثانی سڑک پر آنے سے نہیں گھبراتا۔

٭ چوہدری نثار علی خان بہت جامہ زیب انسان ہیں.


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).