مَرے ہوؤں کی موت


جو پہلے سے مر چکے ہوں
ان کے مرنے کا اعلان عجیب لگتا ہے
لوگ لاشوں کے مر جانے پر سوگ مناتے ہیں
اور زندوں کو مار کر
بھنگڑے ڈالتے ہیں
فرشتوں کو ڈرانے کے لیے
ہوائی فائرنگ کرتے ہیں
اور خدا کو خوش رکھنے کے لیے
قربانی کرتے
اور لنگر بانٹتے ہیں

یوں تو ہر روز
کوئی نہ کوئی زندہ اٹھا لیا جاتا ہے
یا کسی نہ کسی مُردے کی موت ہوتی ہے
لیکن جب کسی ریاکار سیاست دان کی لاش مرتی ہے
تو جنازہ پڑھنے والوں کا ہجوم ہوتا ہے
ڈھانچے جوق در جوق تعزیت کے لیے آتے ہیں
اور کافور میں لتھڑی
اس کی بدبودار روح کو
دل ہی دل میں گالیاں دیتے ہوئے
خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں
مرنے والا اللہ کا نیک بندہ تھا!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).