نصرت فتح علی خان آج بھی دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں


پاکستان کے معروف گلوکار نصرت فتح علی خان کی 20 ویں برسی کے موقع پر نہ صرف مقامی ذرائع ابلاغ پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے بلکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ان کی یاد میں ٹویٹ اور ویڈیوز شیئر کی جا رہی ہیں۔ نصرت فتح علی خان 48 سال کی عمر میں 16 اگست سنہ 1997 کو لندن میں انتقال کر گئے تھے۔

فیس بک اور ٹوئٹر پر نصرت فتح علی خان کی قوالی ‘تیرے بن نئیں لگدا دل میرے ڈوھلنا’ کو شیئر کر کے انھیں خراج عقیدت بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ ایک صارف ثنا اے ملک نے ٹویٹ کی کہ وہ دن جب ’20 برس پہلے جب ہم سے شہنشاہ قوالی جدا ہو گئے‘۔ ہیش ٹیگ نصرت فتح علی خان کے ساتھ لوگ ٹویٹ کر رہے ہیں جس میں صبا عالم نے لکھا کہ نصرت فتح علی خان نے اپنی شاندار آواز سے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو مسحور کیا۔ خضر عالم نے ٹویٹ کی کہ ’آج ہم نے اس کو کھو دیا جو بہترین میں سے بہترین تھا اور ایسا انمول جس کا کوئی بدل نہیں اور نہ ہی کسی سے موازانہ ہے‘۔

انڈین گلوکار اور نغمہ نگار ارمان ملک نے ٹویٹ کی کہ ’نصرت فتح علی خان صاحب 20 برس پہلے جنت میں چلے گئے لیکن ہمارے لیے زندگی سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک خزانہ چھوڑ گئے، شہنشاہ کے لیے سر جھکاتے ہیں‘۔ سوشل میڈیا پر نصرت فتح علی خان کے گیتوں اور قوالیوں کو یاد کر کے لکھا جا رہا ہے کہ وہ اپنی آواز اور موسیقی کے ذریعے آج بھی دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔

ایسے ہی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وقاص نے سوال کیا کہ ’واقعی میں 20 برس؟ نہیں۔ ہر روز، ہر منٹ اور ہر سیکنڈ میں ان کا کوئی نہ کوئی مداح انھیں سن رہا ہوتا ہے، لیجنڈ کبھی مرا نہیں کرتے۔‘ ایک صارف سلمان باجوہ کے بقول ’نصرت فتح علی خان نے اپنی خوبصورت آواز کے ذریعے بتایا کہ پیار کتنا خوبصورت ہے اور اگلے ہی لمحے یہ کہ پیار کتنا تکلیف دہ ہے، ایک لیجنڈ!‘

مسعود خان نے ٹویٹ کی کہ استاد نصرت فتح علی خان اب بھی دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔ ‘پاکستان ہسٹری’ کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی کہ ’نصرت فتح علی خان وقت کے بہترین موسیقار ہیں۔ ان کا انتقال آج کے دن 20 برس پہلے ہوا۔ ان کی موسیقی تمام سرحدوں سے ماورا ہے‘۔

محمد ایوب ایم بی ای نے فیس بک پر نصرت فتح علی خان کے صفحے پر لکھا کہ ’نصرت فتح علی خان وقت کے بہترین صوفی گلوکار تھے جنھوں نے امن اور پیار کا پیغام پہنچایا، افسوس کہ وہ ہمیں 20 برس پہلے چھوڑ گئے۔ انھوں نے دنیا بھر میں ایک شاندار میوزک سے لاکھوں دلوں میں جوش پیدا کیا۔ وہ ہمارے دلوں میں رہتے ہیں‘۔ ہیش ٹیگ این ایف اے کے ساتھ جذبہ جنون کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی گئی کہ اس حقیقت کے برعکس کہ ’ان کے گیتوں کو بہت سارے سمجھ نہیں سکتے تھے، ان کی موسیقی نے لاتعداد دلوں کو چھو لیا‘۔

(ذیشان ظفر)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32189 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp