ڈاکٹر روتھ فاؤ کا سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری سفر


پاکستان میں جذام کےخاتمے کےلیے شب و روز محنت کرنے والی ڈاکٹر روتھ فاؤ کی آخری رسومات سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل میں ادا کی جا رہی ہے۔ تینوں مسلح افواج کےدستے آخری رسومات میں شریک ہیں۔ آخری رسومات کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ایس آئی یو ٹی کے سربراہ ڈاکٹر ادیب رضوی، سعید غنی اور پاکستان میں جرمن سفیر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شریک ہیں۔

اس موقع پر سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل میں موجود افراد نے کھڑے ہوکر ڈاکٹررتھ فاؤ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ان کے تابوت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا ہے۔ڈاکٹر فاؤ کی تدفین قومی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔ ڈاکٹر رتھ ہمیشہ کہتی تھیں جرمنی تو وہ ملک ہے جہاں میں پیدا ہوئی لیکن پاکستان میرے دل کا ملک ہے اور مجھے مرنے کے بعد یہیں دفن کیا جائے۔

’ میری ایڈی لیڈ لیپرسی سینٹر‘ میں ان کے مریضوں ، ملنے والوں اور انگنت پرستاروں کو آخری دیدار کرایا گیا۔ پاک فوج کے دستے نے ڈاکٹر رتھ فاؤ کو آرٹلری گنز کی سلامی دی اور ان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سینٹ پیٹرک کیتھڈرل چرچ پہنچایا گیا۔ جذام یا کوڑھ کے مریضوں کا علاج کرنے والی ڈاکٹر رتھ فائو 10اگست کی رات کراچی میں چل بسی تھیں۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ کی آخری رسومات کے موقع پر سیکورٹی کےسخت انتظامات کیے گئےہیں۔چرچ کے اطراف عمارتوں پر رینجرز اہلکار تعینات ہیں۔ سیکورٹی کے لئے واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ہیں جبکہ رسومات میں شرکت کےلئےسیکورٹی پاسز جاری کئےگئےہیں ۔ تینوں مسلح افواج کےدستے بھی سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل پہنچ گئے جبکہ توپ گاڑی بھی سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل پہنچا دی گئی ہے۔ سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل کےاطراف عمارتوں پر رینجرز اہلکار تعینات ہیں،چرچ میں سیکورٹی کے لیے خواتین پولیس اہلکار بھی موجودہیں۔ ذرائع کے مطابق آخری رسومات میں ڈاکٹرروتھ فاؤ کوتوپوں کی سلامی دی جائےگی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).