این اے  120 میں حمزہ شہباز انتخابی مہم سے بے دخل ۔۔۔ مریم نواز کی تردید


این اے ایک سو بیس میں مسلم لیگ نون کی مشکلات ختم ہونے میں نہیں آ رہیں۔ پہلے امیدوار کا تعین محال ہوا، اب انتخابی مہم کی ذمہ داری حمزہ شہباز سے واپس لے لی گئی ہے، نون لیگ نے ایسے کسی اختلاف یا تبدیلی کی تردید کی ہے۔

این اے 120 کا انتخابی محاذ مسلم لیگ نون کے گلے کی ہڈی بن گیا۔ حکمران جماعت میں اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے۔ حمزہ شہباز انتخابی مہم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے رہ گئے۔ قیادت نے انہیں الیکشن کمپین سے ہی الگ کر دیا۔ این اے 120 میں انتخابی مہم اب مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک چلائیں گے۔

ادھر، مسلم لیگ نون کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شریف خاندان میں اختلافات کی خبریں مخالفین کی خواہش ضرور ہو سکتی ہیں لیکن مخالفین کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی، پرویز ملک اس وقت مسلم لیگ لاہور کے صدر ہیں، پرویز ملک کو بطور پارٹی صدر این اے 120 کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، مریم نواز اور حمزہ شہباز پرویز ملک کے شانہ بشانہ کام کریں گے۔ دوسری جانب، مریم نواز نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں ترجمان کے بیان سے ذرا مختلف مؤقف اپنا لیا، کہتی ہیں شریف خاندان میں دراڑ کی امید لگانے والے انشاء اللہ خاک چاٹیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).