جو لائک نہ کرے اسے بھی شہید کر دو


”جو لوگ میری وال پر ایکٹو نہیں ہیں اور میری پوسٹوں کو لائک یا کمنٹ نہیں کرتے، ان کو میں انفرینڈ کرنا شروع کر رہا ہوں۔ “ ہم نے تنگ آ کر سٹیٹس لگا دیا۔ ہر ہفتے ہی لگاتے ہیں۔ زمانہ خراب ہے۔ ہم کیسے کیسے حیلے بہانے سے لوگوں کو گھیر گھیر کر اپنی وال پر لاتے ہیں اور پھر بھی یہ نابکار ہماری پوسٹوں کو لائک نہیں کرتے؟ میاں اگر کوئی شخص دودھ کی خاطر بکری پالے اور بکری دودھ نہ دے تو اسے رکھنے کا فائدہ کیا؟ جو فرینڈ ہماری پوسٹ کو لائک اور شیئر نہ کرے وہ کس کام کا؟ ہمارا تو سیدھا سا اصول سیدھا ہے، ”جو لائک نہ کرے اسے بھی شہید کر دو“۔

اب یہی دیکھو، پہلے کتنی محنت سے کسی مشہور شخص کو تاڑا، پھر اپنی وال پر کئی دن تک اسے ٹیگ کر کر کے اس کے قصیدے پڑھے۔ اس کی فضول ترین تحریر کی تعریف کرتے ہوئے اسے ارسطو اور جالینوس قرار دیا۔ یہ سب کچھ کیا تو اس کی فرینڈ لسٹ میں موجود لوگوں کو یقین ہو گیا کہ ہم حق شناس ہیں۔ وہ ہمیں فالو کرنے لگے۔ ہزار پانچ سو دانہ ملا تو پھر اس کے بعد اس مشہور شخص سے لڑپڑے اور دنیا بھر میں اسے رگیدنا شروع کر دیا۔ فائدہ اس کا یہ ہوا کہ اب اس کے دشمن اس کی پریشانی سے لطف اندوز ہونے کو ہمیں فالو کرنے لگے۔ ہزار پانچ سو فرینڈ یہاں سے مل گیا۔ ایسا سلوک خاص طور پر ہم اس مشہور شخص کے ساتھ کرتے ہیں جو اپنی وال پر ہمارے گن نہ گائے اور ہمیں نظرانداز کرتے ہوئے ہماری پوسٹوں کو لائک نہ کرے۔ میاں ہم نے تمہیں اسی لئے تو فرینڈ بنایا تھا کہ تم ہماری پوسٹیں لائک کرو۔ نہیں کرتے تو تم ہمارے کس کام کے؟

کبھی ہم ایسا کرتے ہیں کہ اہل مدرسہ کے خلاف لکھنا شروع کر دیتے ہیں۔ یوں لبرل ہمارے گرد جمگھٹا لگاتے ہیں۔ چند دن بعد لبرلوں کو دین اور وطن کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دے کر اہل مدرسہ کو اپنا گرویدہ بناتے اور نئے دوست پاتے ہیں۔ مقصد اس ساری محنت کا صرف یہ ہے کہ لوگ ہماری وال پر جمع ہوں، ہماری تعریفیں کریں، ہمیں دنیا کا ایک بڑا دانشور تسلیم کر لیں۔

جن لوگوں کی ہم نے فرینڈ ریکویسٹ قبول کی ہے، یا جنہوں نے ہماری فرینڈ ریکویسٹ قبول کی ہے، وہ یہ سمجھ لیں کہ وہ ہمارے حلقہ غلامی میں شامل ہیں۔ ان پر فرض ہے کہ وہ ہماری ہر پوسٹ کو پہلی فرصت میں دیکھیں، اس کی خوب تعریف کریں اور اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

جہاں تک ہمارا تعلق ہے، تو آپ یہ سمجھ لیں کہ ہمارے سینکڑوں دوست ہیں اور ہزاروں فاوور۔ ہمارے لئے یہ ممکن نہیں ہے کہ ہر ایک کی خوشی غمی میں شریک ہوں۔ ویسے بھی بڑے آدمی ہم ہیں، عزت صرف ہمیں ملنی چاہیے۔

فقط آپ کے لائک کا خواہش مند
استاد لائک مار خان بقلم خود
فیس بکی دانشور درجہ اول

(نوٹ: یہ ایک تخیلاتی مضمون ہے۔ کسی زندہ، مردہ یا نیم مردہ شخص، چیز یا جگہ سے اس کی مشابہت محض اتفاقیہ ہو گی)۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar