قانونی کرپشن کے راہنما اصول


قانونی کرپشن کے راہنما اصول (تعمیراتی ٹھیکہ داروں کے لئے)

اگر آپ بڑے ٹھیکہ دار ہیں، اور آپ نے اربوں کا منصوبہ کرنا ہے تو سب سے پہلے مِنی کمپنیوں کو شامل کرنے سے اجتناب کریں۔ تعمیراتی کام میں سستے ناقص مٹرئیل کا بھرپور استعمال کریں، مہنگے داموں معیاری مٹرئیل نہ خریدیں دمڑی کوڑی کے مٹرئیل خریدیں۔ آپ کی ذمہ داری منصوبے کی تکمیل ہے۔ بعد میں اس کی چوکیداری آپ کا کام نہیں ہے۔

یاد رہے کہ عوامی شعور میں بدستور اضافے کی بدولت آپ کسی سیمنٹ میں مٹی تو گھول سکتے ہیں، مگر عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔ کوئی نہ کوئی آپ کی شکایت اعلی حکام کو ضرور کرے گا، لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں۔ اس کے لئے ہمارا یہ آزمودہ فارمولا آپ ہی کے لئے پیش خدمت ہے، وہ بھی صد فیصد کارنٹی کے ساتھ۔

اعلی افسران اور انتظامیہ حرکت میں آئے گی اور آپ پر کڑی نگرانی کے لئے اپنے مقامی نمائندوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دیں گے۔ جوں ہی کمیٹی آپ کی خبر لینے پہنچ جاتی ہے، اور آپ کی کی کرپشن پر آنکھیں چار کردیتی ہے تو سب سے پہلے یہ خیال رکھا جائے کہ آپ کے چہرے پر معصومیت کے آثار دکھائی دے، ٹیم کے ساتھ ہنس مکھ اور احترامی انداز سے پیش آئیں، گرم ٹھنڈے سے ان کی خاطر تواضع کی جائے۔

کمیٹی کے ایک ایک ممبر کو باری باری اپنے دفتر بلائیں (یاد رہے کہ ممبر کے پہنچتے ہی ٹیبل پر چائے یا کھانا سجا ہوا ہو) غیر رسمی خوش گپیوں کے بعد کانا پھوسی شروع کی جائے۔ بس اب آپ کی کرپشن کو قانونی کرپشن کی صورت دینے کی پہلی کڑی ڈالی جا چکی ہے۔ آپ کان میں اس طرح کی فریادیں شروع کردیںصاحب آپ کے لوگوں میں اجتماعی ترقی کا رتی برابر شعور بھی نہیں۔ آپ کی ترقی کے اتنے بڑے منصوبے کو داٶ پہ لگا کر ذاتی حرص و لالچ کی خاطر یہاں ہر کوئی ہمیں غلط اور ناقص مٹرئیل فروخت کررہے ہیں۔ کیوں نہ آپ جیسے مخلص حضرات کو یہ ذمہ داری سونپی جائے تاکہ کام کا معیار بھی برقرار رہے اور ہم بھی پریشانی سے بچے۔ سر آپ اگر ہمیں صرف ریت کی سپلائی کا ذمہ اٹھائیں تو آپ کا احسان کبھی نہیں بھولیں گے۔ وہ بخوشی قبول کرے گا اور آگے سے وہ آپ کو ریت کی جگہ مٹی ہی کیوں نہ سپلائی کریں آپ کو کیا وہ تو خود کمیٹی کا ایک ایماندار اور مخلص ممبر ہے۔

اسی عمل کو دہراتے ہوئے تمام ممبرز میں سیمنٹ، سریا، باجری، پتھر اور شیٹرنگ وغیرہ کی سپلائی کی ذمہ داریاں بانٹیں۔ یاد رہے کہ اس کو ٹھیکہ کا نام نہ دیا جائے بلکہ ذمہ داری کہا جائے۔ ورنہ عام لوگوں میں غلط تاثر جائے گا اور وہ سوچیں گے کہ ممبر خود ٹھیکہ دار بن گیا۔ ایک تیر میں دو شکار کے مصداق ساری کمیٹی روزگار میں مصروف ہوگئی اور جن مِنی کمپنیوں کو ٹھیکے دینا تھا وہ بھی پورا ہوگیا اور آپ نگرانی سے محفوظ۔لیکن یاد رہے کہ آپ ابھی بھی مکمل طور پر محفوظ نہیں، لیکن پریشانی کی کوئی بات نہیں بس ہدایات پر عمل کرتے جائیں۔

اینڈرائڈ اور تھری کی مہربانی سے سوساٰٹی کا ہر تیسرا شخص خود کو صحافی سمجھتا ہے۔ آپ نے اپنے گرد و پیش یہ خیال رکھنا ہے کہ کون کون اینڈرائڈ فون کے ذریعے آپ کی خبر لے رہا ہے۔ ایک ایک کرکے ان صحافیوں کو بھی مختلف ذمہ داریاں دیں(آج کل صحافی انتہائی مفلسی میں ہوتے ہیں چند کوڑیوں کے ہو کرہ رہ گئے ہیں، چھوٹی موٹی ذمہ داریاں ان کو بھی سونپ دیں، یا ہر بڑے افسر کے سامنے یا عوامی مقامات پر ان کو سینئیر صحافی، مخلص، نڈر، غیر جانب دار، ایماندار صحافی کہہ کر پکارا جائے اور ان کی خوشامد میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

لیکن یہ بھی یاد رہے کہ صحافیوں کے منہ اور کیمرے تو بند ہوگئے، لیکن میڈیا کی نظر اب بھی آپ پر ہے۔ اگر آپ کسی دیہات میں منصوبہ کررہے ہیں تو بھی یاد رکھے کہزرد کالی، میلی کچلی صحافت کے اس دور میں بھی چند ایک سادہ لوح صحافی سچ اور حقائق کا راگ الاپتے ہیں، اور ان کے قلم اور کیمرے میں اینڈرائڈ صحافی کی بہ نبت کافی طاقت پائی جاتی ہے۔ لیکن ان کے قلم کی طاقت کا تریاق ہے نا ہمارے پاس۔ ان کے خلاف یہ آسان نسخہ آزمائیں۔

ان کو چیلنج کریں کہ وہ آپ کے کام میں نقص دکھائیں۔ اب آپ ڈیڑھ درجن صحافیوں اور نگران کمیٹی کے حمایت یافتہ مضبوط ٹھیکہ دار بن چکے ہیں، اس لئے ان کو کھلی چھوٹ دیں کیوں کہ ایسے صحافی مہنگے داموں بھی بکنے کا سوچ ہی نہیں سکتے۔ ان کو کھلی چھوٹ دیں کہ آپ کے خلاف خبر چھاپ دیں۔ جیسے ہی خبر چھپتی ہے، اپنے ان چہیتے اینڈرائیڈ صحافیوں ان صحافیوں کو بلائیں۔ ان سے تردیدی خبر چھپوائیں، سوشل میڈیا اور بالخصوص فیس بک پر ان کے ذریعے مہم چلائیں کہ ہمارے منصوبے کے خلاف خبر چھاپنے والے نام نہاد صحافیوں نے صحافت کے مقدس پیشے کا غلط استعمال کرتے ہوئے آپ سے بھتہ مانگا تھا چونکہ آپ ایک ایماندارقانونی کرپٹ کنٹریکٹر ہیں اس لئے اپنے خلاف من گھڑت خبریں چلانے دیں، لیکن بلیک میل نہ ہوئے۔

پھر دیکھیں ایمانداری کا بھوت سر پر سوار کرکے پھرنے والے یہ چند صحافی کس طرح ذلیل ہوتے ہیں اور ان کے پیچھے چھوڑے ہوئے اینڈرائیڈ صحافی ان کا وہ حشر کردیں گے یہ ان کو جیل کی دال چکھنی پڑے گی۔

اب میدان خالی ہے، آپ کی شفافیت پر سے تمام داغ ایک ہی دھلائی میں صاف اور آپ کی کمپنی کو ایمانداری اور حب الوطنی کے ساتھ ساتھ قانونی کرپشن کا سرٹیفیکیٹ مل چکا ہے۔
جتنا ہوسکے کرپشن نہیں ہڑپشن کریں اور مال سمیٹ کر آزاد پنچھی کی طرح اڑجائیں۔

مصنف کا نوٹ: قانونی کرپشن کے راہنما اصول دیگر شعبوں کے لئے بھی مشروط صورت میں دستیاب ہیں۔ تمام شعبوں اور پیشوں سے تعلق رکھنے والے حضرات بذات خود ہمارے پاس آجائیں اور شرائط پر دستخط کریں۔ ہم مضمون شائع کردیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).