خواتین کے زیر جامے فروخت کرنے پر چودہ افراد گرفتار


ضلع بنیر میں مقامی انتظامیہ نے ایک ناقابل فہم کارروائی کرتے ہوئے چودہ دکانداروں کو عورتوں کے زیر جامے فرخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد پیر بابا کے مزار کے اردگرد سرعام عورتوں کے خصوصی ملبوسات فروخت کر رہے تھے۔ بنیر کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر زاہد عثمان کاکاخیل نے انتظامی اقدام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افراد مقامی روایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بآواز بلند اعلان کرتے ہوئے عورتوں کو زیر لباس پہناوے اور دیگر حساس مواد فروخت کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

انتظامیہ کے مطابق مقامی افراد نے شکایت کی تھی کہ یہ دکاندار اپنا سامان فروخت کرتے ہوئے مقامی روایات کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ تاہم بعد ازاں گرفتار افراد کو اس یقین دہانی کے بعد رہا کر دیا گیا کہ وہ اس طرح کی اشیا فروخت کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں گے تا کہ امن و امان کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ انہیں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 64 کے تحت غیر قانونی افعال میں ملوث کسی شخص کو گرفتار کرنے کا اختیار ہے۔ مقامی حکام کے مطابق فحاشی پھیلانا قابل دست اندازی سرگرمی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).