پاکستان بدل گیا ہے۔۔۔ کر لو جو کرنا ہے


 \"wisiچانکیہ کے ہونہار شاگرد بابا جی سرتاج عزیز نے کمال بے نیازی سے امریکہ میں قبول فرما لیا کہ طالبان کی قیادت پاکستان میں رہتی ہے۔ انہوں نے ایک تسلسل سے بولے جانے والے جھوٹ کی جگہ اچانک سچ کا بول بالا کر دیا۔ اس سچ کی گونج میں بہت کچھ دب گیا، ایک تو ہمارے بزرگ نے یہ سب بتاتے ہوئیے اپنے دل میں جو کہا وہ امریکیوں کو تو سنائی دیا ہماری سماعت تک نہ پہنچا کہ ہاں طالبان قیادت ہے ہمارے پاس، آپ نے جو گاجر اکھاڑنی ہے، اکھاڑ لیں۔

سب سے پہلے تو دلی تعزیت قبول فرمائیں وہ سیاپا فروش جو دن رات یہ بتاتے ہلکان ہو رہے تھے کہ پاکستان نے طالبان کو دھوکا دیا۔ سیاپا فروشوں سے درخواست ہے کہ آپ کے رونے کا سامان قومی سلامتی کے مشیر نے بھی فراہم کر دیا ہے، ازلی دشمن بتائے جانے والے بھارت کو یہ اطلاع دے کر کہ لشکر طیبہ اور جیش محمد کے ملنگ حضرات ہماری نظر بچا کر باڈر پار کر گئے ہیں۔ اگر وہ کہیں پاٹ (پھٹ) گئے تو ہم سے گلے شکوے نہ کئے جائییں۔

جنہیں کوئی شک ہے ابھی کہ پاکستان اپنی پرانی پالیسی چلا رہا ہے، جنہیں یہ امید ہے کہ سول حکومت کو بس اب الٹا دیا جائیے گا، وہ جتنا دل چاہے انتظار کرتے رہیں کچھ نہیں ہونے والا۔ ان کے لئے مقام آہ و فغاں ایک اور بھی ہے، دل تھام کر سنیں۔ بابے سرتاج عزیز نے یہ سب امریکیوں کو بتایا ہے، وہ خیر سے اکیلے گئے تھے نہ ان کے ساتھ سیکرٹری خارجہ تھے نہ سیکرٹری دفاع۔ دھاڑیں مار مار کر روئیں کہ پاکستان بیچ دیا ہے بابے نے۔

اب ایک سیدھا اور سادہ سا ٹیسٹ ہے۔ غور سے خبریں دیکھتے رہیں اگر تو حکومت پاکستان بابے سرتاج عزیز کے بیان کی کوئی نئی تشریح کرتی ہے، بیان واپس لیتی ہے تو اپنے دل کو تسلی دے لیں کہ فوج نے برا مانا ہے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا تو پھر زنجیر زنی کریں کہ پالیسی بدل گئی ہے۔

ریاست پاکستان دنیا کو مسلسل حیران پریشان کرتی جا رہی ہے۔ ممتاز قادری کی صورت میں ہر قسم کے نتائج سے بے پروا ہو کر ریاستی رٹ ثابت کر دکھائی ہے ساری دنیا کو۔ آرام سے امریکیوں کے سامنے بیٹھ کر طالبان کے پاکستان میں ہونے کا اقرار کر لیا گیا ہے۔ طالبان نے بھی بوکھلا کر مذاکرات سے دوڑ لگا دی ہے۔ بھارت کے ساتھ انٹیلی جنس شئیرنگ کر کے بتا دیا گیا ہے کہ ہم مشکل فیصلے کرنے کو تیار ہیں۔

نہ کسی سے ڈرتے ہیں نہ نتائج کی پروا ہے جو کریں گے، اب ڈنکے کی چوٹ پر کریں گے۔ بھارت سرکار کی پچاس انچ چھاتی رکھنے کا دعوی کرنے والی مودی سرکار بھی منمناتی پھر رہی ہے۔ جو کر رہی ہے وہ اپنی جنتا کو بتانے کی جرات نہیں رکھتی ۔ پاکستان جو کر رہا ہے اب اسے علانیہ کر رہا ہے، گج وج کے کر رہا ہے۔

جرمن انٹیلی جنس نے نوازشریف کی وہ بات جو انہوں نے ترک صدر سے سرگوشی میں کہی تھی ٹیکنالوجی کے بھرپور استعمال سے سن لی۔ وہ سن کر ساری دنیا کی چیخ نکل گئی ہے۔ کیوں؟  کیسے؟ ہم کیوں بتائیں خود ہی پتہ کرتے رہیں۔

یہ جو کچھ ہو رہا ہے یہ سب وہ ہے جس کے نیچے اصل بات اوجھل رہ گئی ہے۔ سرتاج عزیز کے حالیہ دورے کی جاری کردہ جائنٹ سٹیٹ منٹ پڑھیں اس میں پہلی بار امریکیوں نے کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ تیسرا دن ہے بھارت سرکار کی آواز تک نہیں نکلی۔

شدت پسندی دہشت گردی کی لہر ابھی باقی ہے لیکن اس کے اثرات سے پاکستان باہر آ چکا ہے۔ ایک ذمہ دار ریاست کی طرح نہ صرف سرگرم ہو گیا ہے بلکہ ایک بہترین مستقبل کے لئے پر امید بھی۔

وسی بابا

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وسی بابا

وسی بابا نام رکھ لیا ایک کردار گھڑ لیا وہ سب کہنے کے لیے جس کے اظہار کی ویسے جرات نہیں تھی۔

wisi has 406 posts and counting.See all posts by wisi

Subscribe
Notify of
guest
5 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments