ٹکٹوں کی قیمت زیادہ رکھ کر غلطی کی گئی


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے تسلیم کیا ہے کہ ورلڈ الیون کے میچوں کی ٹکٹوں کی قیمتیں زیادہ رکھنا غلطی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان کھیلے جانے والی تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں ٹکٹوں کی قیمتیں پانچ سو، ڈھائی ہزار، چار ہزار، چھ ہزار اور آٹھ ہزار روپے رکھی گئی ہیں۔
شائقین کی اکثریت یہ شکایت کرتی نظر آئی ہے کہ وہ بڑی مالیت کی ٹکٹیں نہیں خرید سکتے۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پہلے میچ میں گراؤنڈ سو فیصد نہ بھرنے کی وجوہات انتہائی سخت سکیورٹی اور مہنگی ٹکٹیں ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ٹکٹیں مہنگی تھیں اس کے باوجود لوگوں نے ٹکٹیں خرید کر میچ دیکھا لیکن یہ تجربہ اس سیریز میں کامیاب نہ ہوسکا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھنی چاہیے تھیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ اس تجربے سے سبق سیکھا جائے گا اور مستقبل میں ٹکٹوں کی مناسب قیمتیں رکھی جائیں گی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ سخت سکیورٹی کی وجہ سے لوگوں کو خاصی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی لوگ ایک گھنٹے تک سڑکوں پر رہنے کے بعد مایوسی کے عالم میں گھر واپس جانے پر مجبور ہوئے۔ یہ ایک ایسا معاملہ ہے جس پر وہ کچھ نہیں کر سکتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp