شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ، جاپان کی تشویش


شمالی کوریا نے دارالحکومت پیانگ یانگ سے ایک بار پھر بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے جو جاپان کی فضائی حدود سے گزرا۔

گذشتہ ماہ کے اواخر میں بھی اس نے اسی طرح کا ایک اشتعال انگیز قدم اٹھایا تھا اور یہ ایسا دوسرا واقعہ ہے۔

جاپان اور جنوبی کوریا کی حکومتوں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا اس میزائل کو مشرق کی جانب داغا تھا۔

جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ یہ میزائل 770 کلومیٹر کی بلندی پر گیا اور اس نے تقریباً 3700 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے اس پر اپنے سخت رد عمل میں کہا ہے کہ شمالی کوریا کے ایسے خطرناک ایکشن کو جاپان ’کبھی بھی برداشت نہیں کرے گا‘۔

‘اگر شمالی کوریا اسی راستے پر چلتا رہا تو پھر اس کا مستقبل قطعی روشن نہیں ہے۔’

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے بھی شمالی کوریا کے اس اشتعال انگیز قدم کی مذمت کی ہے اور کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے کہا کہ معاشی سطح پر چونکہ چین اور روس شمالی کوریا کے ساتھی ہیں تو اب ذمہ داری ان دونوں ممالک کی ہے کہ شمالی کوریا کے اس قدم کا جواب دیں۔

انھوں نے کہا: ‘شمالی کوریا کو چین تقریباً اس کا پورا تیل فراہم کرتا ہے۔ روس نے شمالی کوریا کے لوگوں کو سب سے زیادہ ملازمتیں دے کر انھیں روزگار فراہم کر رکھا ہے۔’

امریکی وزير خارجہ کا مزید کہنا تھا: ‘چین اور روس کو میزائل لانچ پر براہ راست کارروائی کر کے اپنی عدم برداشت کا اظہار کرنا چاہیے۔’

امریکہ اور جاپان کا کہنا ہے کہ یہ انٹرمیڈیٹ رینج کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ہوسکتا ہے۔ آج کا میزائل 29 اگست کو داغے گئے میزائل سے اونچا اور دور تک مار کرنے والا ہے۔

جنوبی کوریا اور امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ اس میزائل کے بارے میں تفصیلات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

گذشتہ ماہ شمالی کوریا نے جاپان کے اوپر سے ایک میزائل فائر کیا تھا جسے ٹوکیو کی جانب سے اپنے ملک کے لیے ‘ایک بے مثل خطرہ’ قرار دیا گیا تھا۔

شمالی کوریا نے اس سے پہلے 29 اگست کو جاپان کے اوپر ایک میزائل داغا تھا
شمالی کوریا کی جانب سے یہ حالیہ میزائل اقوام متحدہ کی جانب سے نئی پابندیوں کے اطلاق کے بعد فائر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب جمعے کو جاری ہونے والے میزائل الرٹ کے بعد جنوبی کوریا کی فوج نے بحیرہ جاپان میں فوجی مشقیں کی ہیں۔ جنوبی کوریا کے خبررساں ادارے یونہاپ کے مطابق جنوبی کوریا کے صدارتی محل بلیو ہاؤس نے قومی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ شمالی کوریا کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو پر سے گزرتا ہوا سمندر میں جا کر گرا تھا اور اس واقعے کے بعد جاپانی عوام کو ہوشیار رہنے کی تنبیہ جاری کی گئی تھی۔

شمالی کوریا کا کہنا تھا کہ جاپان کی فضائی حدود میں میزائل داغنا بحرالکاہل میں اس کے فوجی آپریشنز کا ‘پہلا قدم’ تھا۔ اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ شمالی کوریا مزید میزائل داغنے کا ارادہ رکھتا تھا۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے بحرالکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام پر حملے کی دھمکی کو بھی دہرایا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp