قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں پولنگ جاری


پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے بعد وہاں ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ این اے 120 کی نشست سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو سپریم کورٹ کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

اس ضمنی انتخاب میں 32 آزاد اور مختلف سیاسی جماعتوں کے 12 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔

حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کی جانب سے سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کلثوم نواز اس ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے فیصل میر اور پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے ڈاکٹر یاسمین راشد امیدوار ہیں۔

اس حلقے میں لاہور کے چند قدیم ترین علاقے آتے ہیں اور یہاں لوگوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کے سنہ 2013 کی طرح اس بار بھی حقیقی مقابلہ ن لیگ کی امیدوار بیگم کلثوم نواز اور پاکستان تحریکِ انصاف کی یاسمین راشد کے درمیان ہی ہو گا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد سنہ 2013 میں ہونے والے عام انتخابات میں بھی امیدوار تھیں اور انھوں نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے مقابلے میں 51 ہزار ووٹ حاصل کیے تھے۔

پاکستان کے سرکاری ریڈیو (ریڈیو پاکستان) کے مطابق الیکشن کمیشن کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد تین لاکھ 21 ہزار سات سو 86 ہے جن میں ایک لاکھ 79 ہزار چھ سو 42 مرد اور ایک لاکھ 42 ہزار ایک سو 44 خواتین ہیں۔

اس ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 220 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں مردوں کے 103، خواتین کے 98 جبکہ 19 مشترکہ پولنگ سٹیشنز ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق 220 پریذائیڈنگ افسر، 573 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر اور 573 پولنگ افسر اپنے فرائض انجام دیں گے۔

ادھر الیکشن کمیشن حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں 39 پولنگ سٹیشنوں میں آزمائشی طور پر سو بائیومیٹرک ووٹنگ مشینیں استعمال کرے گا۔

اس کے علاوہ پاکستان کے الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پولنگ سٹیشن پر فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ پہلے ہی کر رکھا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp