سینئر فنکار سوچی سمجھی سازش کے تحت نظرانداز: اداکارہ میرا


فلم اسٹار میرا نے کہا ہے کہ آج کے دورمیں برسوں فلموں میں کام کرنیوالے فنکاروں سوچی سمجھی سازش کے تحت نظرانداز کیا جارہا ہے۔

اداکارہ میرا نے  کہا کہ یہ بات توبہت خوش آئند ہے کہ ملک بھرمیں سینما گھربن رہے ہیں اورجدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فلمیں بنائی جارہی ہیں لیکن ان پراجیکٹس میں فلم کا وہ انگ دکھائی نہیں دیتا، جس کودیکھنے کے لیے فلم بین اصل میں سینما کا رخ کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی، کرداروں کی تقسیم، میوزک ، لوکیشنز اوربہت کچھ آج کے دورمیں بننے والی فلموں میں دکھائی نہیں دے رہا۔ یہی وجہ ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد پاکستانی فلم سے مایوس دکھائی دیتی ہے۔ اس سلسلے میں نوجوان فلم میکرز کوسوچنا چاہیے کہ وہ کثیرسرمائے سے فلمیں بنا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اگررسپانس نہیں مل پا رہا تویقیناً انہیں اس پرغورکرنے کی ضرورت ہے۔

میرا نے کہا کہ اکثرلوگ گزشتہ دہائیوں میں بننے والی فلموں پرتنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ فلم کی کہانی، فنکاروں اوربدمعاش کلچر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بہت سے تویہ الزام لگاتے کہ ایک ہی طرح کے چہرے ہرفلم میں دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دورمیں توسوچی سمجھی سازش کے تحت برسوں فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کو نظرانداز کیا جارہا ہے، اس کے بعد بھی فلم کووہ مقام نہ ملنا نوجوان فلم میکرز کے لیے ایک ایسا سوالیہ نشان بنتا چلا جارہا ہے، جس کے بار ے میں سوچنے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر آج بھی اس کے بارے میں غورنہ کیا گیا تو پھر آنے والے چند برسوں میں مزید بحران پیدا ہوجائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).