حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کا وقت ختم: ووٹوں کی گنتی جاری


ملک کے حالیہ ضمنی الیکشنز میں اہم ترین ضمنی انتخاب حلقہ این اے 120 لاہور میں پولنگ کا وقت ختم ہو گیا، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ابتدائی نتائج کا اعلان 6 بجے سے کیا جائے گا۔

حلقہ این اے 120 لاہور میں نوازشریف کی خالی نشست پران کی اہلیہ کلثوم نواز، پی ٹی آئی کی یاسمین راشد اور پیپلز پارٹی کے فیصل میر کے درمیان مقابلہ ہے۔

این اے 120 ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا تو پولنگ کا عمل آہستہ تھا بعد ازاں مختلف پولنگ اسٹیشنز پر رش ہوگیا، مختلف پولنگ اسٹیشنز پر تلخ کلامی، جھگڑے اور ہاتھا پائی کے واقعات ہوتے رہے۔ لاہور کے علاقے کچا ہال روڈ میں فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا جس کے حوالے سے ایس پی سول لائن سید علی رضا کا کہنا ہے کہ کچا ہال روڈ کا علاقہ این اے 120 کے حلقے میں نہیں آتا، فائرنگ کا این اے 120 کے ضمنی الیکشن کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

فاطمہ جناح میڈیکل پولنگ اسٹیشن کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے اور کشیدہ صورتحال کے پیش نظر رینجرز اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور کارکنان کو پولنگ اسٹیشن کے قریب جانے سے روک دیا۔ دوسری جانب بلال گنج کے علاقے میں پولیس نے لیگی کارکنان کو پولنگ اسٹیشن کے قریب جانے سے روکا تو اس موقع پر اہلکاروں اور کارکنان کے درمیان تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد پولیس کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔

کوپر روڈ پولنگ اسٹیشن پر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی تاہم پولیس نے کارکنوں کو نعرے بازی سے روک دیا۔ ضمنی انتخاب کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، پولنگ اسٹیشنوں پر فوج اور پولیس کے دستے تعینات کیے گئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).