گھر کی صفائی ہونی چاہئے:  وزیراعظم شاہد خاقان عباسی


وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے لندن میں کہا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف کے بیان سے متفق ہوں کہ اپنے گھر کی صفائی ہونی چاہئے۔ امریکا پر پالیسی واضح کر دی ہے، اپنے قومی مفادات کو پہلی ترجیح دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خا قا ن نے کہا کہ این اے 120 لاہور میں ضمنی انتخاب کے نتائج سے ثابت ہو گیا کہ اصل رہنما نواز شریف ہی ہیں۔

گزشتہ روز لندن میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپنا گھر صاف کرنے کے بارے میں وزیر خارجہ خواجہ آصف کے ریمارکس در ست ہیں۔ وہ اس نقطہ نظر سے اتفاق کرتے ہیں کہ پہلے ہمارے اپنے گھر کی صفائی کی ضرورت ہے۔ چوہدری نثار علی خان نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کے ریمارکس پر تنقید کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اتھارٹیز کو اپنے گھر کے معاملات پہلے طے کرنے چاہئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے امریکا کو اپنی قومی پالیسی واضح کر دی ہے ہم اپنے قومی مفادات کو پہلی ترجیح دے رہے ہیں۔ پاکستان اقوام متحدہ میں دہشت گردی کے خلاف اپنے کردار سے آگاہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان نے کافی سے زائد قربانیاں دی ہیں اور اب عالمی برادری دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہماری کوششوں کو تسلیم کرے۔ ایک سوال کے جواب میں خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت احتساب کی جاری مہم سے مطمئن نہیں۔ ہم معاملات پر گہرائی سے غور کر رہے ہیں اور جلد ہی ایک ٹھوس اور واضح پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے امریکہ جانے سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف سے دو ملاقاتیں کیں اور بتایا کہ انہوں نے سابق وزیراعظم سے قومی و سیاسی دلچسپی کے حامل امور بات چیت کی۔ انہوں نے کلثوم نواز شریف کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز شریف کی فتح پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نتیجے سے ظاہر ہوا ہے کہ ووٹرز نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).