بھارت ۔ ریپ کیس میں انصاف نہیں ملتا ۔ سنجے دت


غیر قانونی طور اسلحہ رکھنے کے جرم میں قید کی سزا کاٹنے کے بعد فلم ’بھومی‘ سے اداکار سنجے دت کی بالی وڈ میں واپسی ہو رہی ہے۔

عدالت نے اس جرم میں سنجے کو چھ برس قید کی سزا دی تھی لیکن یہ عرصہ مکمل ہونے سے پہلے ہی انھیں رہا کر دیا گيا تھا۔

جیل سے واپس آنے کے بعد انھوں نے دوبارہ فلموں میں کام شروع کیا اور اب پانچ برس کے وقفے کے بعد ان کی فلم نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے۔

ہدایت کار امنگ کمار کی اس فلم کی تشہیر کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سنجے دت نے خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا ‘ریپ جیسے جرم کے لیے جلد سے جلد انصاف ہونا بہت ضروری ہے۔ ایسے کیسز کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی ہونی چاہیے۔’

دارالحکومت دلی میں جنسی زیادتی کے واقعے ‘نربھیا واقعے’ کو یاد کرتے ہوئے سنجے دت کہتے ہیں ‘اس سے بڑا اور برا کیس میں نے نہیں سنا تھا۔ میں 10 دن تک سویا نہیں تھا۔ میرے حساب سے نربھیا کو انصاف بھی نہیں ملا، چونکہ مجرم ایک نابالغ تھا تو پھر اس میں پوری طرح سے انصاف کہاں سے ہوا؟’

جیل سے رہائی کے بعد ان کی پہلی فلم بھومی ہے جس میں خواتین کے مسائل کو اجاگر کیا گيا ہے
سنجے دت کا کہنا تھا کہ وہ خواتین کو بااختیار بنانے میں یقین رکھتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ انڈین سماج میں ایک طرف تو درگا، کالی اور لکشمی جیسی دیویوں کی پوجا کی جاتی ہے اور دوسری طرف خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

سنجے دت ملک کی تمام بیٹیوں کو اس بات کا مشورہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ اپنے والدین کی فرما برداری کریں اور وقت پر گھر واپس جایا کریں۔ انھوں نے کہا کہ گھر کے یہ اصول بیٹے اور بیٹی دونوں پر ہی نافذ ہونے چاہیں۔

وہ کہتے ہیں: ‘بچے ہمیشہ بچے ہی رہتے ہیں، بھلے ہی وہ 60 سال کا کیوں نہ ہو جائیں۔ بچوں کو دوست بنانے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ چل ساتھ میں دارو اور سگریٹ پیتے ہیں۔ یہ سب ہماری تہذیب سے کا حصہ نہیں ہے۔ ہمارے یہاں فلمیں بھی اسی انداز کی بنتی ہیں۔ مدر انڈیا، باہو بلی، بھومی اور دنگل جیسی فلمیں ہندوستانی تہذیب و ثقافت پر مبنی ہیں اور اس وجہ سے وہ ہٹ ہیں۔’

سنجے دت نے بتایا کہ جب انھوں نے پہلی بار چھپ کر باتھ روم میں سگریٹ پی تھی تو اچانک ان کے والد سنیل دت آ گئے تھے اور انھیں ان کے اس رویے کے لیے جوتے پڑے تھے۔

سنجے دت کے والد سنیل دت بھی اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سماجی کارکن تھے اور سنجے نے بھی ان کے نقش قدم پر چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب وہ مذہبی گرو شری شری روی شنکر کے ساتھ مل کر انڈیا کو نشے کی لت سے آزاد کرنے کا تحریک شروع کرنے والے ہیں تاکہ آنے والی نسل کو منشیات سے دور رکھا جا سکے۔

ہدایت کار امنگ کمار کی فلم ‘بھومی’ میں سنجے دت کے علاوہ اداکارہ ادتی راؤ حیدری اور شرد كیلكر نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32191 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp