شیشے کے گھر میں رہ کر دوسروں پر پتھر پھینکنے کا نتیجہ


پچھلے ہفتے رنبیر کپور اور ماہرہ خان کی تصاویر کی وجہ سے سوشل میڈیا کافی مصروف رہا اور بھانت بھانت کے لوگوں نے اپنی اچھی بری رائے دینا اپنا فرض سمجھا۔ ایسے لوگوں کے لیے سوشل میڈیا پر کام کی کمی نہیں کیونکہ اس ہفتے اداکار سنی دیول اور ڈمپل کپاڈیہ کی ایک تصویر وائرل ہو رہی ہے۔ تصویر اور ٹرولز کے مطابق ڈمپل سنی دیول کے ساتھ لندن میں چھٹیاں منا رہی ہیں۔ اور ویڈیو میں دونوں ہاتھ میں ہاتھ ڈالے دکھائی دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا کے جیالے اس ویڈیو کو بھی لے اُچکے اور ڈمپل کی بیٹی ٹوئنکل اور داماد اکشے کمار پر طنز و مزاح کے تیر برسانے شروع کر دیے۔ خاص طور پر ٹوئنکل پر جن کی پہلی کتاب ‘مسز فنی بونز’ بہت مشہور رہی۔ ٹوئنکل ایک کالم لکھتی ہیں اوراکثر مختلف شخصیات کو طنز و مزاح کے سہارے آڑے ہاتھوں لینے سے باز نہیں آتیں۔ اب لوگ انھیں ان کی ممی کا طعنہ دے کر انھیں اس بارے میں رائے دینے کی بات کر رہے ہیں۔

سنی دیول اور ڈمپل ایک دوسرے کے ساتھ ہوں یا نہ ہوں یہ ان کا کا ذاتی معاملہ ہے لیکن ٹوئنکل پر یہ کہاوت پوری اترتی دکھائی دیتی ہے کہ شیشے کے گھروں میں رہ کر دوسروں پر پتھر نہیں پھینکا کرتے۔

جیل سے رہائی کے بعد سنجے دت ایک شاندار اور دم دار انداز میں فلموں میں واپسی کرنا چاہتے تھے اور اس حوالے سے فلم ساز امنگ کمار نے ان کے لیے فلم ‘بھومی’ بنائی لیکن فلم باکس آفس پر بری طرح فلاپ رہی۔ بھومی کے ساتھ ہی اس دن شردھا کپور کی فلم ‘حسینہ پارکر’ اور راج کمار راؤ کی ‘نیوٹن’ بھی ریلیز ہوئی تھی۔ حالانکہ یہ تینوں ہی فلمیں باکس آفس پر گھٹنوں کے بل چلتی نظر آئیں جن میں ‘نیوٹن’ نے تقریباً 12 کروڑ ، ‘حسینہ پارکر’ نے تقریباً چھ کروڑ اور سنجے دت کی ‘بھومی’ نے تقریباً ساڑھے سات کروڑ کا بزنس کیا۔ فلم کے ہدایت کار امنگ کمار خاصے دل برداشتہ ہیں ان کا کہنا تھا کہ وہ فلم کی کامیابی کی توقع کر رہے تھے۔ پتہ نہیں امنگ کمار کیا سوچ کر اس فلم سے اچھی توقع کر رہے تھے حالانکہ وہ حال ہی میں سلمان، شاہ رخ اور رتک کی بڑی فلموں کا حشر دیکھ چکے ہیں پھر بھی ایک ایسی کہانی کے ساتھ میدان میں کود پڑے جو حال ہی میں روینا ٹنڈن کی فلم ‘ماتر’ اور سری دیوی کی فلم ‘موم’کی کہانی تھی۔ جس طرح کا ایکشن امنگ نے سنجے دت سے کروایا تقریباً ایسا ہی کچھ روینا فلم ‘ماتر’ میں کر چکی تھیں۔

ایشوریہ رائے کو فلم ‘اے دل ہے مشکل ہے’ میں موجود چند قربتوں کے مناظر پر تنقید کا نشانہ بنایا گيا ہے۔ پچھلے کچھ عرصے میں ایسی کئی خبریں نظر سے گزریں جن میں بالی وڈ فلموں میں قربت کے مناظر پر ہیروئنوں پر نہ صرف شدید نکتہ چینی کی جاتی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر انھیں ٹرول بھی کیا جاتا ہے جس کی کچھ مثالیں بھی موجود ہیں۔ فلم ‘اے دل ہے مشکل’ میں ایشوریہ اور رنبیر کے درمیان بعض مناظر پر ایشوریہ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ فلم ‘ہیٹ سٹوری تھری’ میں زرین خان سے بھی خاصے پریشان کرنے والے سوال کیے گئے اور اداکارہ ایشا گپتا اور کالکی کوئچلن کی بولڈ تصاویر پر انھیں سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا۔

یہاں سوال یہ ہے کہ ایسے مناظر میں ہیرو اورہیروئنز دونوں ہی ہوتے ہیں تو پھر صرف ہیروئن کو ہی تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp