سری نگر ایئرپورٹ کے قریب بھارتی فوجی کیمپ پر حملہ


بھارتی میڈیا کے مطابق فوجی وردی میں ملبوس تین سے چار حملہ آور سری نگر ایئرپورٹ سے متصل بھارتی سیکیورٹی فورس ( بی ایس ایف) کے 182 بٹالین کیمپ میں داخل ہوئے۔ حملہ آور سیکیورٹی کی 4 چوکیوں کو کراس کرتے ہوئے کیمپ کے اندر پہنچ گئے جہاں انہوں نے دستی بم پھینکنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی اور ایک عمارت میں داخل ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین فوجی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

بی ایس ایف حکام کے مطابق حملہ آور صبح 4 بجے کیمپ کے اندر داخل ہوئے جس کے بعد فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔

سیکیورٹی فورس کے بیس کیمپ پر حملے کے بعد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کردیا گیا جب کہ ایئرپورٹ کے اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے کر وہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

بی ایس ایف کے کیمپ کے قریب پرانا سری نگر ایئرفیلڈ ہے جو بھارتی فضائیہ کے زیراستعمال ہے جب کہ وہیں مختلف مکانات اور تربیتی کیمپ بھی ہے جہاں بی ایس ایف اہلکاروں کو تربیت دی جاتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).