نواز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر منتخب


اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ایک بار پھر بلا مقابلہ مسلم لیگ (ن) باقاعدہ صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوا جہاں میاں نوازشریف کے بلامقابلہ صدر منتخب ہونے کی توثیق کی گئی اور چیف الیکشن کمشنر چوہدری جعفر اقبال نے آئندہ چار سال کے لیے نوازشریف کے بطور پارٹی صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا۔

جنرل کونسل کے اجلاس میں میاں نوازشریف سمیت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجا ظفرالحق، چوہدری نثار، سرتاج عزیز اور یعقوب ناصر بھی شریک ہیں۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری، امیر مقام، صابر شاہ اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر بھی اسٹیج پر موجود ہیں۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) میں پارٹی صدر کے انتخاب کے لیے امیر افضل مندوخیل نے ریٹرننگ آفیسر اور راجا نیازی نے سیکریٹری کے فرائض انجام دیے۔

وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے انتخاب کے لئے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کرا ئے، طارق فضل چوہدری نواز شریف کے تجویز کنندہ اور رانا افضل تائید کنندہ تھے۔

پارٹی صدرکے انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی صبح ساڑھے 9 بجے تک وصول کیے جانے تھے تاہم نواز شریف کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔ گزشتہ روز میاں نواز شریف کو پارٹی سربراہ بنانے کے لیے گزشتہ پارٹی کے قائم مقام صدر سردار یعقوب ناصر کی زیر صدارت جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی آئین میں ترمیم کی توثیق کی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ پارٹی آئین ترمیم کی پہلے ہی منظوری دے چکی تھی جب کہ اجلاس میں نواز شریف پر اعتماد کے اظہار کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابی اصلاحات بل 2017 سینیٹ اور قومی اسمبلی سے منظور کرایا جس کی منظوری صدر مملکت ممنون حسین نے بھی دی جس کے بعد نا اہل شخص کسی جماعت کا سربراہ بن سکے گا۔
بشکریہ جیو نیوز۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).