بو علی سینا بمقابلہ امام غزالی – مکمل کالم


مسلمان فلسفی بو علی سینا نے ایک مرتبہ کہا تھا کہ ”میں نے ارسطو کی کتاب ’ما بعد الطبیعات‘ کو سمجھنے کے لیے اسے چالیس مرتبہ پڑھا اور آخر تب سمجھ آئی جب اس پر ال فارابی کا مقالہ پڑھا۔“ یہ جملہ میں نے حال ہی میں فلسفے کی ایک کتاب میں پڑھا، کتاب کا نام The History of Philosophyہے اور مصنف ہے اے سی گریلنگ۔ پروفیسر گریلنگ کی فلسفے اور دیگر موضوعات پر اب تک تیس سے زائد کتابیں شائع ہو چکی ہیں، آپ کئی برس تک گارڈین اور ٹائمز میں کالم لکھتے رہے ہیں اور 2014 میں ’مین بکر پرائز‘ کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔

یہ کتاب جب میں نے دیکھی تو ایک خوشگوار حیرت ہوئی کہ اس میں صرف مغربی فلسفیوں کے افکار ہی نہیں بلکہ چین، ہندوستان، افریقہ اور مسلم فلسفیوں کے نظریات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔ گو کہ چھ سو صفحوں کی اس کتاب میں مغربی مفکرین کا ذکر پانچ سو سے زیادہ صفحات پر پھیلا ہوا ہے اور باقی دنیا کو محض پچاس صفحوں میں بھگتا دیا گیا ہے مگر یہ بھی غنیمت ہے کیونکہ رسل سے لے کر ول دیوراں تک زیادہ تر لکھاریوں نے مغربی فلسفے پر ہی کام کیا ہے اور مسلمانوں سمیت باقی دنیا کو زیادہ لفٹ نہیں کروائی۔ اس کتاب میں بھی مسلمان فلسفیوں والا حصہ، گو کہ مختصر ہے، مگر خاصا دلچسپ ہے۔ اسی لیے اگلے روز دنبہ کڑاہی کھانے کی بجائے میں نے یہ کتاب خرید لی۔

یہ سوال اکثر اٹھایا جاتا ہے کہ آخر مغربی دانشور مسلمان حکما کو فلسفے میں وہ مقام کیوں نہیں دیتے جس کے وہ مستحق ہیں۔ مسلمانوں میں ال فارابی، الکندی، ابن سینا، امام غزالی او ر ابن رشد سمیت درجنوں عظیم مفکرین گزرے ہیں، کیا انہوں نے فلسفے میں اتنا قابل ذکر کام بھی نہیں کیا کہ انہیں مغربی مصنفین کی کتابوں میں مناسب جگہ مل سکے؟ اس سوال کا ایک ممکنہ جواب تو یہ ہو سکتا ہے کہ زیادہ تر مسلمان فلاسفہ نے یونانی فلسفیوں کے افکار کا ترجمہ کیا اور انہی کے نظریات کی تشریح میں کتب لکھیں۔

عباسی دور میں ’بیت الحکمہ‘ قائم کیا گیا جہاں یونانی فلسفے کے عربی میں تراجم ہوئے اور خلیفہ ہارون الرشید، مامون الرشید سمیت دیگر عباسی حکمرانوں نے اس کام کی بھرپور سرپرستی کی۔ بے شک یہ اپنی جگہ بہت بڑا کارنامہ تھا اور اکثر یونانی فلسفیوں کی کتب بعد میں انہی عربی تراجم کی بدولت مغرب تک پہنچیں مگر اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ مسلمانوں نے بذات خود فلسفے میں کوئی قابل ذکر اضافہ نہیں کیا۔ کچھ لوگوں کی رائے میں اس زمانے میں معتزلہ، حنبلی، اشعری اور الظاھری گروہوں کی آپس کی فلسفیانہ بحثیں اس بات کی غماز ہیں کہ ان کے افکار فقط یونانی فلسفے تک محدود نہیں تھے۔ مگر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ان گروہوں کی مذہبی بحث کو فلسفہ کہا بھی جا سکتا ہے یا نہیں؟ پروفیسر گریلنگ نے اس کتاب میں جدید دور کے مسلم مفکر حسین نصر کا ایک بیان نقل کیا ہے کہ ”اسلامی فلسفے کی روایت میں قرآنی وحی کا تصور بہت

گہرا ہے اور یہ تصور ایسی کائنات میں کام کرتا ہے جہاں الہام اور وحی کو حقیقت مطلق سمجھ کر قبول کیا جاتا ہے جو کہ نہ صرف اخلاقیات بلکہ علم کا بھی کا ماخذ ہے۔ ”اس پر تبصرہ کرتے ہوئے پروفیسر گریلنگ لکھتے ہیں کہ“ مسئلہ دراصل یہی ہے۔ اگر کسی فکر کا نقطہ آغاز ہی مذہبی عقیدے کو تسلیم کرنے سے کیا جائے گا تو اس کے نتیجے میں الھیات، علم تفسیر، علم تعبیر یا ایسا ہی کوئی علم تو جنم لے سکتا ہے مگر اسے فلسفہ نہیں کہا جا سکتا۔ ”

پروفیسر گریلنگ نے مسلمان فلسفیوں کے متعلق اپنا نقطہ نظر بیان کرنے کے بعد ان فلسفیوں کے افکار پر بہت عمدہ بحث کی ہے۔ ابن سینا کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ان کے نزدیک فلسفے کا کام، جس قدر بھی انسانی ذہن کے لیے ممکن ہو، اشیا کی حقیقت کو جاننا ہے۔ فلسفی کے ذمے دو کام ہیں، ایک، نظریاتی جس تحت سچائی کی تلاش کی جاتی ہے اور دوسرا عملی، جس کا مقصد اچھائی کو پانا ہے۔ ابن سینا کے نزدیک منطق، فلسفے کی بنیاد ہے اور یہی مسرت کی راہ بھی ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ منطق ہمیں اس قابل بناتی ہے کہ ہم نا معلوم سے معلوم کی جانب پہنچ سکیں، استنباط اور استخراج کی مدد سے (معذرت چاہتا ہوں کہ ایسے ثقیل الفاظ لکھنے پڑ رہے ہیں، اس کے بغیر چارہ نہیں ) ۔ منطق ہمیں درست استدلال کے اصول دیتی ہے تاکہ ہم صحیح دلیل کا استعمال کر سکیں، یہی دلیل و برہان ہمیں علم کی طرف لے جاتا ہے جبکہ ناقص طریقہ استدلال حقیقت سے دور کر دیتا ہے۔

گریلنگ نے اپنی کتاب میں ابن سینا کے افکار کو خاصی تفصیل سے بیان کیا ہے اور ابن سینا کے تصور خدا اور اس سے وابستہ خدا کے وجود پر دلائل بھی بیان کیے ہیں جو خالصتاً فلسفیانہ ہیں۔ مگر آگے چل کر گریلنگ نے امام غزالی کے متعلق جو حصہ لکھا ہے اس سے ہمیں پتا چلتا ہے کہ کیسے امام غزالی نے ابن سینا کے نظریات پر بے رحم تنقید کی، حتیٰ کہ اپنی مشہور زمانہ کتاب ’تہافتہ الفلاسفہ‘ میں کفر کا فتوی ٰ بھی لگا دیا۔ پروفیسر گریلنگ لکھتے ہیں : ”غزالی کا اصل ہدف فلسفیوں کا یہ دعوی تھا کہ الھیات، جس کی بنیاد ایمان اور وحی پر ہے، کے مقابلے میں منطق اور استدلال علم کے برتر ذرائع ہیں۔

غزالی کا طریقہ کار یہ تھا کہ وہ فلسفیانہ نظریات کو اسی کسوٹی پر پرکھتے جو ان فلسفیوں کی اپنی مقرر کردہ تھیں اور پھر اس بنیاد پر ان کے فلسفیانہ افکار کو غلط ثابت کر دیتے۔ ایسا کرتے ہوئے غزالی نے جو جو ابی دلائل استعمال کیے وہ تمام ان کے اپنے تخلیق کردہ نہیں تھے بلکہ اس ضمن میں انہوں نے ارسطو مخالف مسیحی نقادوں کے کام کا سہارا لیا جو نویں صدی سے علم الکلام کا حصہ تھا۔ غزالی نے جن عقائد پر تنقید کی، ان سب کو نا قابل قبول قرار نہیں دیا، البتہ تین باتیں ایسی تھیں جن کے بارے میں ان کا ماننا تھا کہ وہ اسلامی اعتقاد کے لیے خطرہ ہیں اور وہ تمام ابن سینا کے فلسفے میں شامل تھیں، جیسے کہ، ازلی کائنات کا تصور، عالم کے بارے میں خدا کے علم کی محدودیت اور زندگی بعد از موت کا انکار۔ (بقول غزالی) ابن سینا کی تعلیمات ایمان کے لیے خطرہ ہیں اور جو انہیں مان لے وہ گمراہ ہو سکتا ہے لہذا تہافتہ الفلاسفہ کے آخر میں غزالی فتوی ٰ جاری کرتے ہیں۔ ”یاد رہے کہ ابن سینا کا انتقال امام غزالی کی پیدائش سے پہلے ہو چکا تھا۔ اور یہ بات کیسی دلچسپ ہے کہ آج گلی گلی میں غزالی اور بو علی سینا دونوں کے نام پر اسکول اور اکیڈمیاں کھلی ہوئی ہیں۔

امام غزالی کی وفات 1111 ء میں ہوئی۔ آپ کی وفات کے پندرہ سال بعد 1126 ء میں ابن رشد پیدا ہوا جس نے تہافتہ الفلاسفہ کے جواب میں ’تہافتہ التہافتہ الفلاسفہ‘ لکھی جس میں امام غزالی کے اعتراضات پر تفصیل سے بحث کی۔ ان دونوں کتابوں پر آج بھی مسلمان اکابرین کے درمیان علمی مکالمہ ہوتا ہے۔ امام غزالی کی بنیادی تنقید فلسفیانہ طرز استدلال پر تھی جبکہ ابن رشد فلسفے کے دفاع میں قرآن کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے دلائل کی عمارت مختلف قرآنی آیات پر کھڑی کرتا ہے۔ ابن رشد نے امام غزالی کی تنقید کا جواب کس انداز میں دیا، اس ضمن میں قرآن سے کیسے مدد لی اور اس کے نتیجے میں مسلمانوں کی فکر میں کیا تبدیلی آئی۔ یہ ذکر پھر کبھی!

یاسر پیرزادہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

یاسر پیرزادہ

Yasir Pirzada's columns are published at Daily Jang and HumSub Twitter: @YasirPirzada

yasir-pirzada has 490 posts and counting.See all posts by yasir-pirzada

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments