شادی چھپانے پر مس ورلڈ تاج سے محروم


بنگلہ دیش کی ملکہ حسن جنت النعیم ایورل سے مس ورلڈ بنگلہ دیش کا تاج واپس لے لیا گیا ہے۔ جنت النعیم پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا۔ تاج واپس لینے کا فیصلے کا اعلان ڈھاکہ میں کیا گیا۔

معلومات کو چھپانے کے الزام پر جنت النعیم نے بی بی سی کی بنگالی سروس کو بتایا کہ ‘اس فیصلے سے اُن کی شکست نہیں ہوئی بلکہ یہ بنگلہ دیش کے قوانین کی شکست ہے۔’

شادی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر جنت النعیم نے کہا کہ ‘اگر ایک 16 سالہ لڑکی کو شادی کے لیے مجبور کیا جائے تو اسے شادی نہیں کہا جا سکتا۔ اگر کسی کی ایس ایس سی (دسویں جماعت) کا امتحان ختم ہونے کے ایک ماہ کے اندر شادی کر دی جاتی ہے تو اُس کی عمر ہی کیا ہوتی ہے؟’

انھوں نے بتایا کہ وہ اپنی عمر کے بارے میں دستاویزی ثبوت پیش کر سکتی ہیں۔

بنگلہ دیش کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنت النعیم کی شادی مارچ 2013 میں ہوئی تھی لیکن یہ شادی دو ماہ جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی تھی۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ ’مس ورلڈ بنگلہ دیش میں کسی ایسی خاتون کو نمائندگی کا موقع نہیں دیا جاسکتا جس نے غلط معلومات فراہم کی ہیں۔’

مس ورلڈ مقابلے کے قواعد کے تحت صرف غیر شادی شدہ افراد اس میں شامل ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ پانچ روز قبل 27 سالہ جنت النعیم نے ‘مس ورلڈ بنگلہ دیش’ مقابلے کے فائنل راؤنڈ میں کامیاب ہو کر یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp