نعتوں کا وکی پیڈیا ”نعت کائنات“۔


محمد خاور سے میرا تعارف سوشل میڈیا کی وساطت سے ہوا۔ فیس بک پہ شعر و ادب کے فورم ”اردو انجمن“ کی دیکھ ریکھ کیا کرتے تھے۔ انھیں نعت کہنے کا شوق ہے، بعد میں ”اردو انجمن“ کو خیر باد کہتے ہوئے ”نعت اکیڈمی“ کی بنیاد رکھی۔ وہ کچھ عرصہ پہلے کراچی آئے تو ”ہم سب“ کی تعریف کرنے لگے، کہ ”ہم سب“ بہت عمدہ ویب سایٹ ہے۔ انھوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ بھی ایک ویب سایٹ بنانا چاہتے ہیں، جہاں نعت سے متعلق مواد اکٹھا کیا جا سکے۔ انھی کی زبانی اس روداد کا احوال سنیے۔

”2005ء میں سفر شروع ہوا۔ منزل کا علم تھا، راستہ نامعلوم۔ ہوا یوں کہ والد صاحب نے پردہ فرمایا تو ان کی محبت نے دل میں اسی نخل کی آب یاری کی، جو ان کے دل میں لہلہاتا تھا۔ میں نے نعت کے چند اشعار کہے۔ ایک دوست کو سنائے تو اس نے کہا، کہ بے وزن ہیں۔ کچھ علم نہ تھا کہ شاعری کیسے اور کہاں سے سیکھ سکتا ہوں۔ انٹرنیٹ پر تلاش شروع کی تو استاد گرامی عبد اللہ ناظر مرحوم سے رابطہ ہوا۔ پھر باقی سفر بھی انٹرنیٹ ہی پر جاری رہا۔ نعت کہنے کے شوق میں، اردو کے مختلف فورمز جوائن کرتا ہوا، فیس بک تک آ پہنچا۔ یہاں اردو شاعری کا ایک گروپ جوائن کیا جہاں ایک مذہبی بحث کی وجہ سے نکالا گیا، تو در بدر کے دھکے کھانے کے بجائے ”اردو انجمن“ کے نام سے اپنا فورم بنایا۔ سیکھنے کا سلسلہ چلتا رہا۔ جب شعر کی کچھ سدھ بدھ ہوئی تو مالوفِ دل کی طرف واپسی ہوئی اور ”نعت اکیڈمی“ کے نام سے فورم شروع کیا۔ نعتیہ سرگرمیوں پر کام ہوتا رہا لیکن جو کرنا چاہتا تھا، وہ نہیں ہورہا تھا۔ ایک بے قراری تھی۔ فیس بک فورم کی محدود آپشنز میری ریکارڈ کیپنگ میں رکاوٹ تھیں۔ ذہن میں ایک ویب سائٹ کا خاکہ تھا۔ مختلف ویب ڈویلپرز سے بات چلتی رہی لیکن کچھ صاف ہاتھ اٹھا لیتے اور کچھ اتنے پیسے مانگتے کہ حوصلہ نہ پڑتا۔ “

محمد خاور مزید بتاتے ہیں، کہ ”میں وکیپڈیا طرز کی ویب سائٹ بنانا چاہ رہا تھا۔ وکیپیڈیا پر ہر اہم لفظ کا ”نیلا“ ظاہر ہونا اور کلک کرنے پر اس کا صفحہ کھل جانا، یہ میرے لیے سحر انگیز تھا۔ ایک دن جیسے چھپڑ پھاڑ کے عنایات ہوئیں۔ یہ گزشتہ سال دسمبر کا واقعہ ہے، انھی دنوں سوفٹ ویئر انجینرنگ کرنے والا میرا بھانجا سعد محمود میرے پاس بیٹھا ہوا تھا۔ ویب ڈویلپمنٹ اس کی فیلڈ نہیں۔ باتوں باتوں میں وکییپیڈیا جیسی ویب سائٹ کا ذکر ہوا تو کہنے لگا، ماموں آپ بریانی کی ایک پلیٹ منگوائیں، جتنی دیر میں وہ آتی ہے، میں آپ کی ویب سائٹ بناتا ہوں۔ میں سمجھا وہ مذاق کر رہا ہے، لیکن میرے لیے تو جیسے یہ ایک کرامت ہوئی۔ اس نے سچ میں دو ایک گھنٹوں میں ہو بہو وکییپڈیا جیسی ویب سائٹ بنا کر دے دی۔ کوئی میری خوشی کا کیا اندازہ کرسکتا ہے۔ اب میں ہوں اور یہ ویب سائٹ۔ نعت کائنات“

سوال: نعت کائنات کے بارے میں کچھ بتائیے
محمد خاور: نعت کائنات حمد و نعت کا انسائیکلو پیڈیا ہے۔ نعت کائنات میں حمد و نعت سے منسلک شخصیات اور اداروں کی معلومات، کتابوں کا مواد اور ان پر تبصرے اور نعت کے حوالے سے تحقیقی و تنقیدی مباحث و مضامین یک جا کر دیے گئے ہیں۔ ”نعت“ اصطلاحا رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی منظوم توصیف بیان کرنا ہے۔ اگر نعت کو اپنے لغوی معنوں ”تذکرہ صفات“ کے حوالے سے دیکھا جائے تو اللہ رب العزت نے نعت کا اہتمام اپنے محبوب کے لیے نام پسند کرتے ہوئے ہی کرلیا تھا، ”محمد“۔ اس چار حرفی غیر منقوط پر تاثیر لفظ کے معنی ہی ”بہت تعریف کیا گیا“ کے ہیں۔ لفظ ”محمد“ کا مادہ ”حمد“ سے ہے اور یہ خود میں ایک مکمل نعت ہے۔ یعنی وہ ہستی جس کی بہت تعریف کی گئی ہو۔ ”و رفعنا لک ذکرک“ کی آب یاری سے اس ذکر کو پھیلا دیا گیا۔

سوال: نعت گوئی اور نعت خوانی میں کیا فرق ہے؟
محمد خاور: صنف نعت کی دو شاخیں ہیں۔ ایک نعت گوئی اور دوسرا نعت خوانی۔ ”نعت“ کی دونوں شاخوں میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے شمائل و فضائل، سیرت و پیغام اور تذکار کے ذریعے قارئین و سامعین کی پیاسی روحوں کو سیراب کیا جاتا ہے۔ یہ سرگرمیاں اخبارات سے لے کر سوشل میڈیا تک ہر شعبہ ہائے ابلاغ پر پھیلتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

سوال: اگر آپ سوشل میڈیا سے متعارف نہ ہوتے تو کیا ایسا کوئی خواب بھی دیکھنے کے اہل تھے؟
محمد خاور: سچ تو یہ ہے کہ آج ایک طرف تو سائنس دان توسیع کائنات کے قائل ہیں، کہ فلکی اجسام کا درمیانی فاصلہ بڑھتا جا رہا ہے اور کائنات پھیل رہی ہے؛ دوسری طرف ”گلوبل ولیج“ کا نظریہ ہے کہ تیز ترین ذرائع ابلاغ کی وجہ سے دنیا کے رہنے والے ایک دوسرے کے قریب تر ہوتے جا رہے ہیں؛ اتنے قریب کہ اب اس دنیا کو ”گلوبل ولیج“ یعنی ”عالمی گاؤں“ کا نام دے دیا گیا ہے۔ ہماری دنیا ”www“ کے ایک ”net“ میں سمٹ آئی ہے؛ یہ انٹرنیٹ ہے، جس نے فاصلے ختم، رابطے تیز اور معلومات کو یک جا کردیا ہے۔ وہ علم جو پہلے ہزاروں صفحات کی کتاب میں درج ہوتا تھا، اب صرف چند ہزار بائیٹس کی ایک فائل یا ویب سائٹس میں سما جاتا ہے۔ اسکول کے بچے تک وکییپڈیا جیسی ویب سائٹس پر جا کر اپنی مطلب کی معلومات اس طرح اکٹھی کررہے ہوتے ہیں، جیسے اپنے بیگ سے کسی خاص مضمون کی کتاب نکالنے کا عمل ہو۔ علم نعت کے لیے بھی وکیپیڈیا جیسی ہی ایک ویب سائٹ کی ضرورت تھی، جہاں نعت کے متعلق ہر سرگرمی، تخلیق اور تحِقیق چاہے وہ چودہ سو سال پرانے ہو یا آج کی، شیما بنت حلیمہ سعدیہ کی لوری ہو، یا اویس رضا قادری کا پڑھا ہوا ”النبی صلو علیہ“، نعت کے لغوی معنوں پر بحث ہو یا نعت گوئی پر تحقیق کا پی ایچ ڈی مقالہ؛ الغرض ہر پہلو سے نعت کو جان سکیں۔
اللہ رب العزت کا احسان عظیم ہے کہ ”نعت ورثہ“ کو یہ توفیق حاصل ہوئِی اور دسمبر 2016ء اسی انٹرنیٹ کی دنیا میں نعت کے انسائیکلو پیڈیا ”نعت کائنات“ کو متعارف کرایا گیا۔ نعت کائنات سے مراد نعت کی کائنات لیا جائے یا کائنات ہی کو نعت سمجھا جائے؛ ہر دو معانی اہل نعت کو اپنے طرف کھینچتے ہیں۔ ایسے نام بابرکت لمحات ہی میں تجویز ہوتے ہیں۔

سوال: کیا یہ خواب سب سے پہلے آپ نے دیکھا کہ ایسی ویب سائٹ بنائی جائے؟
محمد خاور: ”نعت کائنات“ کے بارے کہا جاتا ہے کہ یہ دنیائے نعت میں سید صبیح الدین صبیح رحمانی، ڈاکٹر ریاض مجید اور سید شاکر القادری جیسی فعال ترین ہستیوں کا خواب تھا، جسے ”نعت ورثہ، لاہور“ نے عملی جامہ پہنایا۔ انٹرنیٹ پر ایک ایسی ویب سائٹ تشکیل دی، جو آنے والے وقتوں میں نعت کا سب سے بڑا انسائکلوپیڈیا ہونے جارہی ہے۔

سوال: دیکھا گیا ہے کہ نئی نئی بننے والی سائٹس استعمال میں پے چیدہ ہوتی ہیں، یا ان کے پیج کھولنے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے؛ آپ کی یہ سائٹ بھی ایسی ہی تو نہیں؟
محمد خاور: نعت کائنات استعمال کرنے میں عام ویب سائٹس اور فورمز سے قدرے مختلف ہے، اس ویب سائٹ میں مواد بہت تیز اور تلاش تیر بہدف ہے۔ کوئی بھِی لفظ تلاش کریں، فوراً اس کے متعلق مواد آپ کی آنکھوں کے سامنے ہوگا۔ سرچ باکس میں علامہ اقبال لکھ کر تلاش کریں، علامہ اقبا ل کے نام کا صفحہ آپ کے سامنے ہوگا۔ امیجز صرف بوقت ضرورت لگائے جاتے ہیں۔ اس لیے بڑے بڑے آرٹیکلز کا حجم بھی بائٹس کے اعتبار سے بہت کم ہے۔

سوال: سایٹ کی وسعت کے حوالے سے کچھ بتائیے؟
محمد خاور: موضوع کی وسعت کی بات ہو تو شخصیات، ادارے، کتابیں، معلومات؛ ہر وہ شے جو کسی نہ کسی طرح بھی حمد و نعت سے منسلک ہے، اس کا موضوع ہے۔ شخصیات کے پروفائل، اداروں کا تعارف، کتابوں کا مواد اور ان پر تبصرے نیز نعت کے حوالے سے تحقیقی و تنقیدی مباحث و مضامین، اس ویب سائٹ پر اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ اس کی مجلس شوری کا ارادہ یہ ہے، کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ سلم کی پیدائش سے بھی قبل تبان اسعد ابی کرب یا ورقہ بن نوفل کی نعت ہو، یا آج کے کسی نوجوان نعت خواں کا پڑھا ہوا کلام، موضوع نعت پر لکھا ہوا پی ایچ ڈی کا مقالہ ہو، یا کسی اخبار کی کوئی نعتیہ خبر؛ ہر شے کو ”نعت کائنات“ پر پیش کیا جا سکے۔

سوال: آپ کو اس کار خیر میں کس کس کا تعاون حاصل رہا ہے؟
محمد خاور: اس ویب سائٹ کو اب تک صبیح الدین صیبح رحمانی کے ادارے ”نعت ریسرچ سینٹر، کراچی“، ڈاکٹر شہزاد احمد کے ادارے ”حمد و نعت فاونڈیشن“، شاکر القادری کے ادارے ”فروغِ نعت، اٹک“ کا تعاون حاصل رہا ہے۔

سوال: کیا لگتا ہے آپ کو، آپ نعت کے مداحوں کو متوجہ کرنے میں کتنے کام یاب رہے ہیں؟
محمد خاور: اگرچہ ”نعت کائنات“ کو شروع ہوئے ایک سال سے بھی کم عرصہ ہوا ہے، لیکن اس کے قارئین اخبار اور فلم کی ویب سائٹس کے برعکس صرف ایک مخصوص حلقے سے تعلق رکھتے ہیں، پھر بھی یہ ویب سائٹ بہت تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ ویب سائٹس کی درجہ بندی کرنے والی ویب سائٹ Alexa اسے پاکستان کی پہلی دس ہزار ویب سائٹس میں شمار کرتی ہے۔ اس کے موضوع اور عمر کو دیکھا جائے تو یہ کارکردگی بہت شان دار ہے۔ اگر اس کی درجہ بندی موضوع کے اعتبار سے کی جائے تو اردو رسم الخط میں صرف حمد و نعت کے حوالے سے کام کرنے والی یہ ویب سائٹ درجہ بندی کے اعتبار سے سر فہرست ہوگی۔

سوال: کیا آپ کو اس سائٹ سے آمدن بھی ہوتی ہے؟
محمد خاور: نعت کائنات، وکیپیڈیا طرز پر نعت کا فری انسائکلو پیڈیا ہے۔ اس پر کسی قسم کے اشتہار یا منافع کمانے کی سرگرمی نہیں کی جاتی۔ اس ویب سائٹ کو رضاکارانہ طور پر چلایا جا رہا ہے۔ چوں کہ یہ بہت بڑا پراجیکٹ ہے اور اس کے لیے بڑی افرادی قوت درکار ہے، تو نعت کائنات کی انتظامیہ ایسے احباب کو خوش آمدید کہتی ہے، جو حمد و نعت سے متعلق، علمی و تحقیقی کام سے دل چسپی رکھتے ہیں، اور ان شا اللہ اس ہمیشہ جاری رہنے والے پراجیکٹ میں کچھ تعاون کرسکتے ہوں۔

ذیل میں ”نعت کائنات“ کا لنک درج ہے۔
http://www.naatkainat.org

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).