میرے بھتیجے امام الحق کی سلیکشن میرٹ پر ہوئی ہے: انضمام الحق


عبدالرشید شکور۔ بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ امام الحق کی سلیکشن اس لیے مشکل تھی کہ وہ ان کا بھتیجا ہے لیکن اگر ان کی کارکردگی دیکھی جائے تو یہ سلیکشن قطعاً مشکل نہیں تھی۔

خیال رہے کہ امام الحق کو سری لنکا کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
انضمام الحق نے جمعے کو ٹیم کے اعلان کے بعد دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں بات کرتے ہوئے کہا ’حالیہ دنوں جتنے اوپنرز نے کارکردگی دکھائی ہے ان میں امام الحق کی کارکردگی اچھی تھی اور وہ ٹیم میں منتخب ہونے کے حقدار تھے لہذا اس سلیکشن کو صرف اس نظر سے نہ دیکھا جائے کہ وہ میرا بھتیجا ہے۔ ‘

پاکستان کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے مطابق سلیکشن کے وقت یہ دیکھا گیا کہ امام الحق میں کتنا ٹیلنٹ ہے اور پھر یہ کہ قائداعظم ٹرافی میں اس کی کارکردگی دوسرے کرکٹرز سے اچھی تھی۔
انضمام الحق نے کہا کہ امام الحق نے انڈر 23 میں دو سنچریاں بھی بنائی تھیں اور انھوں نےگذشتہ ماہ قائداعظم ٹرافی میں حبیب بینک کی جانب کھیلتے ہوئے فاٹا کے خلاف بھی سنچری بنائی تھی۔
انھوں نے کہا کہ امام الحق کا سلیکشن صرف انھی کا نہیں ہے بلکہ اس میں مکی آرتھر اور سرفراز احمد کی رائے بھی شامل ہے۔

سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ جس طرح وہ دوسرے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائیں اسی طرح وہ امام الحق کے لیے بھی نیک خواہش رکھتے ہیں۔
انضمام الحق نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ہر دورے میں ایک نیا کھلاڑی منتخب کرنے کے بعد اگلے دورے میں اسے نظرانداز کردیا جاتا ہے۔
’ٹیم کے ساتھ رہنے والے کرکٹرز کو جہاں ضرورت پڑتی ہے انھیں وہاں موقع دیا جاتا ہے جس کی ایک مثال حارث سہیل کی ہے۔ ‘

21 سالہ امام الحق دو بار انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔
وہ انڈر 23 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں حبیب بینک کی جانب سے کھیلتے ہیں۔
امام الحق نے گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں تین سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 848 رنز بنائے تھے۔
انھوں نے گذشتہ سال ڈپارٹمنٹل ون ڈے ٹورنامنٹ میں تین نصف سنچریوں کی مدد سے 318 رنز سکور کیے تھے جبکہ ریجنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں ان کی کارکردگی خاصی مایوس کن رہی تھی اور وہ چار میچوں میں صرف 96 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp