عدم برداشت کے بیان میں عامر نے کچھ غلط نہیں کہا: کرینہ


\"kar\"بولی وڈ اداکار عامر خان کی جانب سے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت پر دیئے گئے بیان کے بعد جہاں انتہا پسند ہندو جماعتوں نے ان کے خلاف آواز اٹھائی وہیں کچھ بولی وڈ اداکار ان کی حمایت میں بھی سامنے آئے اور اب کرینہ کپور بھی ان کا ساتھ دیتی نظر آئیں۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران کرینہ سے جب عامر خان کے بیان کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یقیناً عامر کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ عامر خان نے گزشتہ سال ہندوستان میں بڑھتی ہوئی شدت پسندی کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چند ماہ سے ان میں عدم تحفظ اور خوف کا احساس بڑھتا جارہا ہے۔عامر کا کہنا تھا کہ ان کی بیوی کرن راو¿ نے بچوں کی حفاظت کے لیے انہیں ملک چھوڑنے کی تجویز بھی دی جو ان کے لیے انتہائی تشویشناک لمحہ تھا۔
کرینہ کا کہنا تھا ’مجھے نہیں لگتا کہ عامر نے کچھ بھی غلط کہا، انہوں نے صرف اپنی رائے دی، ان کی اپنی اہلیہ سے اس حوالے سے بات چیت ہوئی تھی جس کا عامر نے ذکر کیا، مجھے نہیں لگتا وہ اس سے ملک کو کوئی نقصان پہنچانا چاہتے تھے‘۔
عامر خان اور کرینہ کپور اس سے قبل 2 فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں جس میں 2009 کی ریلیز فلم ’تھری ایڈیٹس‘ اور 2012 کی فلم ’تلاش‘ شامل ہے۔
واضح رہے کہ عامر کو اپنے بیان کے بعد نہ صرف حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شیو سینا سمیت دیگر دائیں بازو کی تنظیموں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا بلکہ عوام کی جانب سے بھی ان پر شدید تنقید کی گئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments