خدا کا شکر ہے ایشوریہ رائے جنسی ہراسانی سے بچ نکلیں


ایشوریہ رائے کی ہالی وڈ کے فلمساز ہاروی وائن سٹین سے کئی تقاریب میں ملاقات ہو چکی ہے

ہالی وڈ کے معروف فلم پروڈیوسر ہاروی وائن سٹین آج کل سرخیوں میں ہیں ان کے خلاف ہالی وڈ کی کئی معروف اداکاراؤں نے جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے ہیں جس کے بعد وہ خاصی مشکل میں پھنس چکے ہیں۔

امریکی اداکارہ اینجلینا جولی، گوینتھ پالٹرو اور جنیفر لورینس سمیت دیگر کئی اداکاراؤں نے جو تفصیلات بیان کیں وہ شرمناک ہیں۔ اس واقعے کے سامنے آنے کے بعد ایک بار پھر شوبز کی جگمگاتی روشنیوں کے پیچھے چھپی بدنما حقیقتوں کا پردہ فاش ہوا ہے۔

ان میں سے زیادہ تر اداکارائیں اپنے کریئر کے ابتدائی دور میں تھیں اور ہاروی وائن سٹین جیسی بااثر شخصیت کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف آواز نہیں اٹھا سکیں۔ جس طرح کے الزامات سامنے آ رہے ہیں اس سے تو ایسا لگتا ہے کہ وائن سٹین نے اپنے راستے میں آنے والی کسی خاتون کو نہیں بخشا۔

خبر ہے کہ ایشوریہ رائے بچن کی انٹرنیشنل ٹیلنٹ مینیجر کے مطابق ہاروی وائن سٹین ایشوریہ رائے سے بھی تنہائی میں ملنے کے خواہش مند تھے۔

ایشوریہ تقریبات کے دوران وائن سٹین سے کئی مرتبہ مل چکی تھیں اور وائن سٹین نے ان کی مینیجر سے سوال بھی کیا تھا کہ وہ کس طرح ایشوریہ سے تنہائی میں مل سکتے ہیں۔ لیکن ایشوریہ کی مینیجر نے یہ نوبت نہیں آنے دی۔ شکر ہے خدا کا ایشوریہ رائے ان کا شکار ہونے سے بچ گئیں۔

حال ہیں میں انڈیا کی سپریم کورٹ نے دیوالی کے موقعے پر پٹاخوں کی فروخت پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔ فیصلے سے کچھ لوگوں کے اقتصادی تو کسی کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔

اب جن لوگوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرنے کی غلطی کی تو انھیں اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ مشہور ڈیزائنر مسابا گپتا کو نشانہ بنایا گیا۔

مسابا اداکارہ نینا گپتا اور ویسٹ انڈیز کے کرکٹر سر ووین رچرڈز کی بیٹی ہیں۔ نینا گپتا اور ووین رچرڈز کی شادی نہیں ہوئی تھی۔ مسابا نے اس فیصلے پر ٹویٹ کرتے وقت شاید سوچا بھی نہیں ہو گا کہ انھیں کس طرح کی ذہنیت کا سامنا ہو گا۔

ٹوئٹر پر لوگوں نے مسابا کو صرف گالیاں دے کر ہی نہیں بخشا بلکہ ان کے وجود پر ہی سوال اٹھائے اور انھیں ‘ناجائز’ کہہ کر پکارا گیا۔

اداکارہ جوہی چاولہ بھی ایسے ہی لوگوں کے عتاب کا شکار ہوئیں۔ انھوں نے بھی اس فیصلے کا خیر مقدم کرنے کی غلطی کی تھی۔

ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے اس دور سے کبھی کبھی خوف آتا ہے کیونکہ اس کے ذریعہ کوئی بھی کبھی بھی کہیں بھی آپ کو ذلیل و خوار کر سکتا ہے اور وہ بھی وہ جسے آپ نے نہ کبھی دیکھا نہ جانا۔

ایسے میں اداکارہ ایشا گپتا کی بات پر مجھے بہت ہنسی آئی ان کا کہنا ہے کہ کاش سوشل میڈیا پر ٹرول کرنے والوں کو کوئی نوکری مل جائے اور وہ اپنی روزی روٹی کمانے میں مصروف ہو جائیں۔

ایشا گپتا بڑی معصوم ہیں۔ شاید نہیں وہ جانتیں کہ اس وقت انڈیا میں شوسل میڈیا پر ٹرولنگ کرنا بھی ایک کام ہے۔ یقین نہ آئے تو بھکتوں سے پوچھ لیں۔

نصرت جہاں


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp