آپ کے لئے یہ ہفتہ کیسارہے گا؟


برج: عقل سیارہ: تباہی
سوچنا ایک طرح کی بیماری ہے۔ اگرچہ اس سے بہت کچھ تخلیق ہوتا ہے مگرسوچنے والے کا ککھ نہیں رہتا۔ اگر آپ پرسکون رہنا چاہتے ہیں تو شعور سے دستبردار ہو جائیں کہ ”عقل نہ ہووے تے موجاں ای موجاں‘‘… ویسے بھی ہمارے ہاں سرے سے سوچنے کا رواج ہی نہیں۔ جب باہم متصادم ریاستی ادارے ملک کے مستقبل کا نہیں سوچتے تو آپ کواپنا خون جلانے کی کیاضرورت ہے اورجب ملک کی بربادی نوشتہ تقدیر ہے تواپنی تباہی کاشوق چہ معنی دارد؟ تاہم آپ پر اس نصیحت کا کچھ اثر نہ ہو گا اور آپ رواں ہفتے بھی پریشان رہ رہ کر اپنا کباڑا کرتے رہیں گے۔ مراد یہ ہے کہ حالات میں کوئی تبدیلی آئے گی، نہ آپ اپنی خو چھوڑیں گے۔ اس ہفتے دھیان سے ڈرائیو کریں، ہسپتال میں ہڑتال کا امکان ہے۔ نیز سسرالیوں کے ساتھ راضی نامے کا خطرہ ہے، ہوشیار رہیں۔

برج: واپڈا سیارہ: اندھیرا
ہفتہ رواں بجلی کا بل موصول ہوگا۔ اسے دیکھنے سے پرہیزکریں، ہارٹ اٹیک کا خدشہ ہے۔ اس ہفتے بھی بجلی کا مخول شخول جاری رہے گا۔ آپ بار بارکمپلینٹ لکھوانے کے لئے فون کریں گے مگر کچھ حاصل نہ ہوگا۔ اپنا خون مت جلائیں، لالٹین جلا لیں اور صبر کریں۔ اگر موبائل کی چارجنگ ختم ہو جائے تو تارے گننا عاشقوں کا تاریخی شغلِ نیم شبی رہا ہے۔ مطلع ابر آلود ہو تو بجلی کی آنیاں جانیاں گنتے رہیں، رات کٹ جائے گی۔ ایسی قابل رشک وقت گزاری کے دوران آپ کے دل میں فریق دوم کے متعلق شکوک و شبہات جنم لیں گے کہ وہ رقیب کے ساتھ آئن لائن رابطے میں ہے۔ حالانکہ وہ تو اپنے فون کی بیٹری ڈیڈ ہوتے ہی لمبی تان کے سو چکا ہو گا۔ لالٹین کی روشنی میں شوہرکے سرکی جوئیں نکالنے سے پرہیزکریں،کوئی بل انکل کر ہاتھ پرکاٹ سکتی ہے۔

برج: عدالت سیارہ: فردجرم
رواں ہفتے آپ پر فرد جرم عائد ہونے کا قوی امکان ہے۔ گزشتہ ہفتے نادان دوستوں کے ہنگامے کے ثمرات بھی سمیٹنے پڑ سکتے ہیں اور بقول استاد‘ دھونس کی فرد جرم میں ایک پھوکٹ ضمنی بڑھنے کا اندیشہ ہے۔ ایسے میں ایک تاریخی فرمان پر آپ کا ایمان مزید پختہ ہوگا کہ ”تاریخ عالم کی سب سے بڑی ناانصافیاں میدان جنگ کے بعد عدالت کے ایوانوں میں ہوئی ہیں ‘‘ (مستقبل قریب میں اس فرمان پر آپ کا ایمان اور بھی زیادہ پختہ ہونے کا امکان ہے) اس ہفتے احتساب اور انصاف کی کئی اور بھی روشن مثالیں قائم ہو سکتی ہیں۔ تاہم آئین سے بالا کچھ بھی نہ ہوگا۔ یہاںانسداد تجاوزات آپریشن کے تحت دکانداروں کے خلاف تو کئی کارروائیاں ہوئیں اور ہردفعہ تجاوزات ہٹادی گئیں لیکن خوش قسمتی سے کسی نے اختیارات سے تجاوز کیا اور نہ کبھی کسی آپریشن کی ضرورت پیش آئی۔

برج: انصاف سیارہ: عدم گرفتاری
پریشان نہ ہوں۔ اس ہفتے بھی آپ کی نااہلی یا گرفتاری کاکوئی امکان نہیں۔ اگر چہ آپ کی نااہلی کا کیس زیرسماعت ہے، آپ عدالت کی طرف سے اشتہاری بھی قرار دئیے جا چکے ہیں اور ایک عدالت نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں آپ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں، تاہم چونکہ آپ نے ہمیشہ عدالتوں کا بے پناہ احترام کیا ہے اور اس کے نتیجے میں ہر دفعہ انصاف سے اپنی جھولی بھری ہے۔ نیز آپ کا تعلق کسی ”احتسابی فیملی‘‘ سے نہیں، لہٰذا فی الحال کسی قسم کا کوئی خطرہ نہیں۔ آپ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر بے دھڑک دوسروں پر سنگ باری جاری رکھ سکتے ہیں۔ ”اس سیارے کی دیگرمخلوق‘‘ میں آپ کے محسن اور فاتح کارگل بھی شامل ہیں۔ اگر چہ وہ بھی نامی گرامی اشتہاری ہیں اور غداری کیس کے علاوہ ایک سابق وزیراعظم کے قتل کے مقدمے میں عدالتوں کی طرف سے اس اعزاز سے نوازے جا چکے ہیں، تاہم انہیں بھی رواں ہفتے توکیا، زندگی کے بقیہ ہفتوں میں بھی کوئی ڈر نہیں۔ یاد رہے کہ نا اہلی، گرفتاری یا سزا جیسے افعال معاشرے کے فقط دو طبقات کے لئے مختص ہوتے ہیں۔ ایک بے نوا طبقہ اور دوسرا وہ جو ووٹ بنک والا طبقہ کہلاتا ہے۔

برج: جمہوریت سیارہ: خطرہ
معیشت تو معیشت ہوتی ہے، چاہے لاغر ہو یا مضبوط۔ سو اس پر تبصرے کا حق ہر کسی کو حاصل ہے۔ ویسے بھی ”معیشت‘‘ کی حالت دنیا کے لئے کوئی راز تو ہے نہیں۔ ایسے میں اگر کسی کو کمزور معیشت پر تبصرہ کرنے سے روکا جائے گا اور ایسے بیانات غیر ذمہ دارانہ قراردئیے جائیں گے تو لا محالہ جمہوریت کمزور ہو گی کہ اس میں اختلاف رائے کا بصد احترام ہی اس کی مضبوطی کا ضامن ہے۔ ویسے ایک بات تو عیاں ہے کہ جمہوریت کو جمہوری تقاضے پورے نہ کرنے سے خطرہ ہے یا کسی اور وجہ سے، خطرہ تو بہرحال لاحق ہے۔ رواں ہفتے ”دی پارٹی ازاوور‘‘ نامی ایک جماعت کی مشہور زمانہ دو مدبر شخصیات کے افکار کی روشنی میں محاذ آرائی سے دور جانے کی کوشش کی جائے (بلکہ ملک ہی سے دورجانے کی سعی کی جائے) تو ہو سکتا ہے کہ ان خطرات میں کمی آ جائے۔ باقی رہ گئی معیشت تو اس کے کمزور یا تنو مند ہونے پر کشیدگی کی اس لئے ضرورت نہیں کہ ہر دو صورتوں میں اس کا اثر تو عوام پر پڑنا ہے، فریقین کو تو اس سلسلے میں کوئی مسئلہ تھا، نہ ہوگا۔ مسئلہ جمہوریت کا ہے اور آپ تو جانتے ہیں کہ یہ نصیبوں جلی بلائوں میں رہ کے پلی ہے۔

برج: جگت بازی سیارہ: رنگ بازی
اس ہفتے کئی اپنے کہے پر پشیماں ہوں گے مگر پیر ودھائی والے شہر کا فرزند ایسی کسی حرکت کے بنا ہی سرخرو ٹھہرے گا۔ آپ کی جگت بازیاں اور رنگ بازیاں رواں ہفتے بھی بلا خوف اور بلا تعطل جاری رہیں گی۔ میڈیا کے گلشن کا کاروبار بھی چلتا رہے گا اور آپ کی منڈی میں بھی مندے کے کوئی آثار نہیں بلکہ مارکیٹ میں فریقین کی ریٹنگ کریٹوں کے حسب سے بڑھے گی۔ حسن اتفاق دیکھئے کی آج جب جرمنی کے ماہرین فلکیات نے کائنات کے رموز سے ایک اور پردہ اٹھاتے ہوئے خلا کی کہکشاں میں زیادہ سے زیادہ فاصلے کی پیمائش کا جدید طریقہ دریافت کیاہے، آپ کے ”عقابی مکتبِ فکر‘‘ سے تعلق رکھنے والے ایک قانون دان نے کسی بھی عورت کا کردار ایک کلومیٹر کے فاصلے سے تاڑ لینے کا فارمولا ایجاد کر دکھایا ہے (ایں سعادت بزورِ بازو است) اللہ نے چاہا تو بہت جلد جب ٹیکنوکریٹس کی مایہ نازحکومت بنے گی تو آپ اس کے ہراول دستے میں ہوں گے کہ آپ سے بڑا ”ٹیکنو کریٹ‘‘ پیدا ہی نہیں ہوا۔ اس ہفتے حاسد آپ کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے مگر منہ کی کھائیں گے کیونکہ آپ کی شہرت پہلے ہی کافی داغدار ہے۔

برج: رقم سیارہ: منزل
آپ سمجھتے ہیں کہ عورت کی عقل ”گِٹے‘‘ میں ہوتی ہے، جبکہ آپ کی اپنی تو گِٹے میں بھی نہیں۔ نئے محبوب کو اپنے قدموں میں ڈھیر کرنے کے لئے جو رقم آپ عاملوں اورجوگیوں پر لٹا رہے ہیں، وہی محبوب پر خرچ کریں۔ اس کارخیرسے وہ خود بخود آپ کے قدموں میں آ گرے گا کہ محبت بھی اب کمرشل ہے۔ یاد رہے کہ اگر عامل یا جوگی کوئی تیر مار سکتے تو رانجھا خود جوگی تھا۔ ایک پرانی محبت پھر سے دانت تیز کر رہی ہے۔ رواں ہفتے وہ آپ کو سو بل کھا کے آ ملے گی اور اس دفعہ آپ کو کنگلا کر کے ہی چھوڑے گی۔ اگر آپ کی عقل گٹے میں نہیں تو لیلیٰ اور سگِ لیلیٰ سے ہوشیار، دونوں آپ کوکاٹنے کے چکر میں ہیں۔ فوراً موبائل سم تبدیل کر لیں۔ عشق ضرورکریں مگر عورت کی فطرت کو سمجھنے کی کوشش نہ کریں، یہاں پاگل خانے پہلے ہی کم ہیں۔

برج: غیرت سیارہ: تازیانہ
آپ نے سوشل میڈیا پر وائرل نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی ایک تصویرکا بار بار عمیق جائزہ لیا ہے۔ نادان لڑکی نے آکسفورڈ یونیورسٹی جاتے ہوئے مغربی لباس زیب تن کر کے آپ کی ملی غیرت پر ایک اور تازیانہ برسایا ہے۔ اغیار اس ہفتے اسے کسی اور ایوارڈ سے نواز کر آپ کی قومی غیرت (جسے حاسد پولیو زدہ غیرت بھی کہتے ہیں) پر نیا رکیک حملہ کر سکتے ہیں۔ اس ہفتے آپ کی بجلی چوری والی پرانی حرکت بالآخر پکڑی جائے گی۔ آئیسکو والے آپ کا میٹر اتارنے آئیں گے مگر آپ کمال کاریگری سے انہیں کچھ دے دلا کر رخصت کر دیں گے۔ آپ کا ایک کام سرکاری دفتر میں پھنسا ہوا ہے۔ غیرت کو اجازت دیں اور دفتر ہذا کو دکان سمجھ کر جائیں، کام چٹکی بجاتے میں ہو جائے گا۔
(مالک حقیقی ہی بہتر اورخوب جانتاہے)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).