محمد عامر دنیا کے مشکل ترین بولر ہیں: ورات کوہلی


انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی نے بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان کے ساتھ ایک انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر دنیا کے مشکل ترین بولر ہیں۔
وراٹ کوہلی اس وقت ون ڈے اور ٹی 20 کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔
حال ہی میں دیوالی کے موقعے پر انڈیا کے ایک ٹی وی چینل پر عامر خان نے جب وراٹ کوہلی سے پوچھا کہ کیا ایسا کوئی بولر ہے جن سے وہ گھبراتے ہیں تو انھوں نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کا نام لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس وقت تو پاکستان کے محمد عامر ہیں۔ وہ دنیا کے دو تین ٹاپ بولروں میں ہیں اور میں نے جن بولروں کا اپنے کریئر میں سامنا کیا ہے اس میں وہ سخت ترین ہیں۔’
انھوں نے مزید کہا: ‘جب آپ ان کا سامنا کر رہے ہوں تو آپ کو اپنے کھیل کو اول درجے میں لانا ہوتا ہے نہیں تو وہ آپ کی وکٹ لے لیں گے۔ وہ بہت اچھے بولر ہیں۔’

کوہلی نے پاکستان کے خلاف بعض یادگار اننگز کھیلی ہیں لیکن جب آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں تو محمد عامر نے کوہلی پر فتح حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ محمد عامر نے 28 گیندوں میں 16 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھیں جن میں اوپنر روہت شرما، شکھر دھون اور وراٹ کوہلی کی اہم وکٹیں شامل تھیں۔
کوہلی اس سے پہلے بھی محمد عامر کی تعریف کر چکے ہیں۔

سنہ 2016 کے ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل انھوں نے کہا تھا: ‘مجھے خوشی ہے کہ عامر پھر سے کھیل رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی غلطی سدھاری اور پھر واپس آئے ہیں۔ وہ ہمیشہ نمایاں بولر رہے ہیں۔’
ان کا مزید کہنا تھا: ’جس طرح سے عامر نے بولنگ کی میں انھیں مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ان کی حیرت انگیز بولنگ کا سامنا کیا۔ وہ واقعی ورلڈ کلاس بولر ہیں۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32536 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp