ورنہ ۔ ماہرہ خان میلہ لوٹ گئیں


“مجھے دو آدمیوں نے خراب کیا ہے، ایک کو میں چھوڑوں گی نہیں، اور دوسرے کے ساتھ رہوں گی نہیں!”

“میں صرف تمہاری بیوی نہیں ہوں، تم سے الگ ایک انسان بھی ہوں!”

ورنہ کے نئے ٹریلر کے مطابق ماہرہ خان میلہ لوٹ چکی ہیں۔ فلم بہت حد تک انہیں کے گرد گھومتی نظر آتی ہے۔ اگر ایسا ہے، تو میل ہیرو کے سٹارڈم میں یہ تبدیلی بذات خود بہت خوبصورت ہو گی۔ مائرہ کے ایکسپریشنز متاثر کن تھے۔

ٹریلر میں بہت زیادہ میوزک تھا، غیر ضروری سنسنی موجود نہ ہوتی تو بھی شائقین اسی دیوانگی سے فلم کا انتظار کرتے۔ ٹریلر بنانے والوں کو یاد رکھنا چاہئیے کہ یہ “دی شعیب منصور” کی فلم ہے۔ وہ شعیب منصور جنہوں نے آج تک کوئی فلاپ کام نہیں کیا۔

حکومت وقت سے درخواست ہے کہ پہلے اچھی طرح تسلی کر لے، بعد میں اس کے ساتھ فلم مالک یا نامعلوم افراد ۲ والا حشر نہ کیا جائے۔ سینسر اور مذاق میں حروف تہجی کے علاوہ بھی کافی فرق ہوتا ہے۔

سینیمیٹوگرافی کا فیصلہ اس ٹریلر کی بنیاد پہ کرنا ظلم ہو گا، فلم کے انتظار کو ترجیح دینی پڑے گی۔ بظاہر کوئی خاص لوکیشنز موجود نہیں ہیں، ان ڈور سین زیادہ ہیں۔

“مجھے دو آدمیوں نے خراب کیا ہے، ایک کو میں چھوڑوں گی نہیں، اور دوسرے کے ساتھ رہوں گی نہیں!” بظاہر ماہرہ خان کے اس ڈائیلاگ میں فلم کی پوری کہانی کا اندازہ ہو رہا ہے لیکن ٹریلر بنانے والے ایسے سادہ نہیں ہوتے۔ باقی اداکاروں نے اگر کچھ کیا ہے تو اس کا ہرگز کوئی عکس یہاں نظر نہیں آتا۔

ملک عطا محمد خان کی اینٹری بھرپور تھی، کام کیسا کیے ہیں، یہ شاید فلم دیکھ کر ہی اندازہ ہو۔

فقیر اس فلم کو دیکھنے میں شدید دلچسپی محسوس کرتا ہے کیونکہ “ورنہ”سوشل پیج پر کسی دل جلے کا یہ تبصرہ انگریزی میں آج بھی موجود ہے؛

“اس فلم کے دو بہت اہم متنازع پہلو ہیں۔ ڈائریکٹر اور اداکارہ، دونوں کوئی اچھی شہرت نہیں رکھتے۔ ڈائریکٹر ایک زمانے میں پاکستانی ڈرامے بناتے تھے، پھر انہوں نے این جی اوز سے فنڈ لیا اور پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگے۔ ماہرہ خان وہ دوغلی لڑکی ہے جو سگریٹ پیتی ہے اور فحش لباس پہنتی ہے اور بھارتی اداکاروں کے ساتھ گھومتی ہے۔ سوشل ایشوز پر یہ دو بندے ہمیں لیکچر دیں گے؟
یہ ایک اور “ریپ کا انتقام” ٹائپ کی فلم لگتی ہے، جس میں تفریح شاید بہت کم ہو۔
اس کا ٹیزر ایسا لگتا تھا جیسے ہینڈی کیم سے ۱۹۹۰ میں بنائی ہو۔ میں اس فلم کو زیرو نمبر دینا چاہوں گا”

ایسے تبصرے کسی بھی فلم کے آنے سے پہلے اچھا شگن ہوتے ہیں۔ یہ تجسس کو ہوا دیتے ہیں، سارےدوست، تمام دشمن، سب کے سب اس چکر میں فلم دیکھنے پہنچ جاتے ہیں کہ یار دیکھیں تو سہی مسئلہ کیا ہے۔

فلم ریلیز کی تاریخ 17 نومبر ہے۔

فی الحال ورنہ کا پہلا آفیشل ٹریلر دیکھیے جو کچھ ہی دیر پہلے ریلیز ہوا ہے؛

حسنین جمال

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

حسنین جمال

حسنین جمال کسی شعبے کی مہارت کا دعویٰ نہیں رکھتے۔ بس ویسے ہی لکھتے رہتے ہیں۔ ان سے رابطے میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں۔ آپ جب چاہے رابطہ کیجیے۔

husnain has 496 posts and counting.See all posts by husnain