ضمانت کی درخواست خارج، مفتی عبدالقوی فرار


ملتان کی ایک مقامی عدالت نے سوشل میڈیا سیلیبرٹی قندیل بلوچ کے قتل کے مقدمے میں مذہبی رہنما مفتی عبدالقوی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی ہے جس کے بعد مفتی عبدالقوی احاطہ عدالت سے فرار ہو گئے۔
بدھ کو جب عدالت میں مفتی عبدالقوی کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے تو عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔
عدالتی فیصلہ سامنے آنے کے کچھ دیر بعد ہی مفتی عبدالقوی وہاں موجود پولیس کو چکما دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق پولیس اب مفتی عبدالقوی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
خیال رہے کہ قندیل بلوچ کی مفتی عبدالقوی کے ساتھ چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس کے کچھ عرصے بعد ہی قندیل بلوچ کے بھائی نے انھیں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ اس مقدمے کا حتمی چالان ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے۔
تاہم اس مقدمے میں جو افراد گرفتار ہوئے تھے ان پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔

اس سے پہلے اُن ملزمان نے پولیس کی موجودگی میں میڈیا کے سامنے یہ اقرار کیا تھا کہ اُنھوں نے غیرت کے نام پر قندیل بلوچ کو قتل کیا تھا۔
بدھ کو جب سیشن جج کی عدالت میں مفتی عبدالقوی کی درخواست کی سماعت ہوئی تو ان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کا نام نہ تو کسی ایف آئی آر میں درج ہے اور نہ ہی کسی ملزم نے دوران تفتیش مفتی عبدالقوی کا نام لیا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ روز عدالت نے مفتی عبدالقوی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں ایک روز کی توسیع کی تھی اور اُنھیں 18 اکتوبر یعنی آج دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق مفتی عبدالقوی قندیل بلوچ کے قتل کے مقدمے میں ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے تھے جبکہ اس ضمن میں اُنھیں بارہا سمن بجھوائے گئے تھے۔
مفتی عبدالقوی کا کہنا تھا کہ جب بھی پولیس اُنھیں طلب کرے گی وہ تفتیش کے لیے پیش ہو جائیں گے۔
ملتان پولیس نے ابھی تک قندیل بلوچ کے قتل کی تفتیش مکمل نہیں کی اور نہ ہی جو افراد ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے اُنھیں اشتہاری قرار دلوانے کے لیے کارروائی کا آغاز کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp