وائرل ہونے والی تصاویر سے میری ذاتی زندگی میں مداخلت کی گئی: ماہرہ خان


اداکارہ ماہرہ خان نے اداکار رنبیر کپور کے ساتھ سگریٹ پیتے ہوئے وائرل ہونے والی تصاویر پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔ چند روز قبل اداکارہ ماہرہ خان اور رنبیر کپور کی چند تصاویر وائرل ہوئی تھیں جن میں ماہرہ خان سفید رنگ کے مختصر لباس میں رنبیر کپور کے ساتھ آدھی رات کو نیویارک کی سڑکوں پرسگریٹ نوشی کرتی ہوئی نظرآ رہی تھیں۔

ان تصاویر نے پاکستان سمیت بھارتی میڈیا میں ہنگامہ مچا دیا تھا اور ماہرہ خان کو مختصر لباس پہن کر سگریٹ پینے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سےکڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ناقدین نے یہ بھی کہا تھا کہ ایک پاکستانی اورمسلمان خاتون کو کسی غیرمرد کے ساتھ مختصر لباس پہن کر سگریٹ نوشی کرنا بالکل زیب نہیں دیتا۔ تاہم پاکستان اور بھارت کی شوبزانڈسٹری سے تعلق رکھنےوالے فنکاروں نے ماہرہ کی حمایت کرتے ہوئے تنقید نگاروں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماہرہ خان کی اپنی زندگی ہے وہ جیسا چاہیں لباس پہن سکتی ہیں اور جو چاہیں کر سکتی ہیں کسی کو بھی ان کی نجی زندگی کے بارے میں بولنے کا کوئی حق نہیں۔

تاہم اب ماہرہ خان نے بھی اس حوالے سے خاموشی توڑدی ہے اور پہلی بار ایک تقریب کے دوران اس بارے میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ میرا نجی معاملہ تھا، تاہم اس واقعے نے مجھے بہت کچھ سکھایا ہے۔

ماہرہ خان نے اپنی نئی فلم ’’ورنہ ‘‘ کی ٹریلرلانچنگ تقریب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بارے میں کیا تبصرہ کروں میں بہت زیادہ محتاط رہتی ہوں کیونکہ میڈیا ہر جگہ موجود ہے، تاہم اس واقعے نے بہت کچھ سکھادیا ہے۔ ماہرہ نے کہا کہ یہ تصاویر کسی فلم کا حصہ نہیں تھیں، لڑکے اور لڑکی کا ساتھ گھومنا معمول کی بات ہے اس میں کچھ بھی غیر معمولی نہیں۔

اسی بارے میں: ۔  پاناما کیس؛ وزیر اعظم کے وکلا نے عدالت کے سوالوں کے تحریری جواب جمع کرادیئے


Comments

'ہم سب' کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ کمنٹ کرنے والا فرد اپنے الفاظ کا مکمل طور پر ذمہ دار ہے اور اس کے کمنٹس کا 'ہم سب' کی انتظامیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔