عمران خان کو لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری سےروک دیا گیا


تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن کو حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری سےروک دیا گیا۔ عمران خان سہیون میں جلسے کے بعد حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری دینے گئے تھے۔ شاہ محمو د قریشی نے الزام عائد کیا کہ سندھ پولیس اور ایس پی جامشورو نے عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت کو مزار پر حاضری کی اجازت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سندھ کی آستانوں اور خانقاہوں کی روایات کے خلاف ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جب مزار پر سیکورٹی کی ضرورت تھی تو یہاں لاشیں پڑی تھیں کوئی اٹھانے والا نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ خود آستانے اور درگاہ والے ہیں وہ یہاں آتے رہیں گے. انہیں کوئی نہیں روک سکتا۔ ڈی سی فرید مصطفی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو درگاہ پر جانے سے نہیں روکا گیا بلکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو مسلح افراد ساتھ لے کر جانے سے روکا گیا تھا۔ تحریک انصاف والوں نے خود ایشو بنایا اور واپس چلے گئے۔ شاہ محمود قریشی اور دیگر سینئررہنماؤں نے درگاہ حضرت لعل شہباز قلندر پر حاضری دی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).