دنیش چندی مل نے پاکستان کے خلاف جادو ٹونا استعمال کرنے کی تصدیق کر دی


سری لنکا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندی مل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح شیمانزم کی مدد سے ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ شیمانزم ایک قدیم مذہب ہے جس میں بدروحوں کو قبضے میں رکھنے کا عقیدہ شامل ہے۔

37 سالہ دنیش چندی مل کی قیادت میں سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز دو صفر سے جیتی تھی۔
سری لنکا نے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 21 جبکہ دبئی ٹیسٹ میں 68 رنز سے شکست دی تھی۔

چندی مل نے صحافیوں کو بتایا ’ مجھے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے پہلے مانیو (شیمانزم کی ماہر) نے ایک خاص دعا دی۔ ‘
انھوں نے کہا ’میں ہمیشہ ہر کسی کی جانب سے ایسی دعاؤں کو قبول کرنے کے لیے تیار رہتا ہوں چاہے وہ مانیو کی جانب سے ہو یا کسی پادری کی جانب سے۔ ‘

چندی مل کا مزید کہنا تھا ’آپ کے پاس ٹیلنٹ ہو سکتا ہے تاہم آپ دعا کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ‘
سری لنکا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے مطابق جس مانیو نے سے انھوں نے رابطہ کیا وہ ان کے دوست کی والدہ تھیں۔
خیال رہے کہ دنیش چندی مل کا یہ بیان سری لنکا کے وزیرِ کھیل کے اس بیان کے ایک ہفتے بعد آیا ہے جس میں انھوں نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز شروع ہونے سے قبل جادو ٹونا استعمال کرنے کی تردید کی تھی۔

سری لنکا کے وزیرِ کھیل نے اس جادوگرنی کے اس دعوے کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی دی تھی جس میں انھوں نےسری لنکا کی فتح کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے خلاف جادو کیا تھا۔
سری لنکا کے متعدد سیاست دان، کاروباری رہنما اور سپورٹس سٹار اس جادو پر یقین رکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کے بعد سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف پانچ ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp