اڑیسہ کے آدم خور مگرمچھ اور خوفزدہ دیہاتی
سلمان راوی۔ بی بی سی نیوز، اڑیسہ۔
خلیج بنگال سے ملحق ساحلی ریاست اڑیسہ کا کیندرپاڑا کا علاقہ سدا سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔
خوبصورت سمندر، دریا اور تالاب کے دلکش مناظر نے صدیوں سے اڑیسہ کے اس علاقے کو ایک علیحدہ پہچان دی ہے۔
کیندرپاڑا میں قائم بھیترکنیکا پناہ گاہ دنیا میں مگرمچھوں کے تحفظ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ جب یہ منصوبہ شروع ہوا تو وہاں 75 مگرمچھ تھے۔
سنہ 1952 سے پہلے تک بھیترکنیکا کے ’مینگروز‘ کے جنگلوں کا علاقہ زمینداری نظام کے تحت تھا لیکن پھر حکومت نے اس علاقے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
سنہ 1998 میں بھیترکنیکا کے 672 مربع کلومیٹر کے علاقے کو مگرمچھوں کی پناہ گاہ قرار دیا گیا اور یہاں پر نمکین پانی کے مگرمچھوں کے تحفظ کا سب سے بڑا منصوبہ شروع ہوا۔
لیکن گذشتہ چند سالوں میں مگرمچھوں کی اس قدر افزائشِ نسل ہوئی کہ ان کی آبادی اب عام لوگوں کے لیے خطرہ بن گئی ہے اور محکمۂ جنگلات کے لیے یہ ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔
اپنی پناہ گاہوں سے نکل کر مگرمچھ قریبی دریا، نالوں اور تالاب میں آنے کے بعد اب گھروں میں بھی گھسنے لگے ہیں۔
یہاں سے ہی انسانوں اور مگرمچھوں کی لڑائی شروع ہوتی ہے جس کی زد میں انسان کے ساتھ مگرمچھ بھی ہیں۔
مگرمچھ اور انسانوں کی رسہ کشی
لیکن اب کیندراپاڑا کی خوبصورت جھیلوں اور ندیوں کے اس علاقے میں آباد لوگوں میں ایک عجیب سا خوف دیکھا جا سکتا ہے۔
یہاں کے لوگوں کو ہمیشہ ہوشیار اور چوکنا رہنا ہوتا ہے۔ تھوڑی سی چوک سے انھیں مگرمچھوں کے جبڑوں میں سما جانے کا خطرہ رہتا ہے۔
ان کے حملوں کا شکار عام طور پر ماہی گیر ہو رہے جن کا مچھلی پکڑنے کے لیے سمندر یا دریاؤں پر انحصار ہے۔ مقامی لوگوں کو یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ آخر وہ اس دیو قامت جاندار کے ساتھ کیسے گزارہ کریں۔
کیندرپاڑا کے سرکاری ہسپتال میں زیر علاج خاتون شانتی لتا راوت خوش قسمت تھیں کہ وہ بچ گئیں۔ حال ہی میں وہ اپنے گاؤں کے تالاب پر گئیں تھیں کہ مگرمچھ نے پیچھے سے انھیں دبوچ لیا۔
انھیں اس بات کا اندازہ تک بھی نہیں تھا کہ تالاب پر کوئی ان کا منتظر ہے۔
مگرمچھ نے پیچھے سے پکڑ کر گھسیٹ لیا
وہ کہتی ہیں: میں رفع حاجت سے لوٹی اور ہاتھ پاؤں دھو رہی تھی۔ اسی وقت مجھے مگرمچھ نے پیچھے سے پکڑا اور گھسیٹتا چلا گیا۔ مجھے دو بار پانی کے اندر ڈبو دیا۔ لیکن کسی طرح میرا ہاتھ ایک درخت کی شاخ تک پہنچ گیا۔ پھر میری بہو نے مگرمچھ کو لوہے کے راڈ سے مارا۔ اس کے بعد ہی اس نے مجھے چھوڑا۔ لیکن میرے پاؤں بری طرح زخمی ہو گئے۔
حملوں کے شکار لوگوں کی فہرست طویل ہے اور ان کے مختلف تجربات ہیں۔
ان میں سے ایک کیندرپاڑا میں راج نگر کی رہنے والی بولا پردھان ہیں جو اپنے گھر کے تالاب میں غسل کرنے گئیں تھیں۔ اسی وقت ایک بڑے سے مگرمچھ نے ان پر حملہ کر دیا۔
واقعہ کے بارے میں بتاتے ہوئے بولا کہتی ہیں:‘میں برتن دھو رہی تھی۔ تالاب میں مگرمچھ کس طرح آ گیا پتہ ہی نہیں چل پایا۔ اس نے جھپٹا مار کر میرے ہاتھ کو دبوچ لیا۔ پھر میں چلائی اور گاؤں کے لوگ مجھے بچانے کے لیے دوڑے۔ کسی نہ کسی طرح ان لوگوں نے مجھے اس کے جبڑے سے بچایا۔
صرف بولا پردھان ہی نہیں کیندرپاڑا میں قائم بھیترکنیکا پناہ گاہ کے آس پاس آباد گاؤں میں رہنے والوں کو پتہ نہیں کہ کس لمحے ان کا سامنا کسی مگرمچھ سے ہو جائے۔ چاہے وہ دن یا رات!
دیکھا تو انگوٹھا غائب تھا۔
مثال کے طور کبندر دارائی کو ہی لے لیں۔
وہ کہتے ہیں: ’میں مچھلی پکڑنے گیا تھا۔ ہمارا تالاب دریا کے نزدیک ہے۔ رات کو ایک مگرمچھ تالاب کے پاس آ گیا تھا۔ اس نے مجھ پر حملہ کیا۔ وہاں کوئی نہیں تھا۔ میں نے کسی طرح سے خود کو چھڑا لیا اور وہاں سے بھاگ گیا۔ راستے میں اپنے ہاتھ پر میری نظر گئی تو دیکھا میرا انگوٹھا غائب تھا۔
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ مگرمچھوں کے حملے بڑھ رہے ہیں مگر انتظامیہ متاثرین کو معاوضہ دینے میں تامل کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔
سرکاری ضابطے کے مطابق مگرمچھ کے حملے میں زخمی ہونے والوں کو دو لاکھ روپے دینے کی بات کہی گئی ہے اور مرنے والے کے لواحقین کو چار لاکھ روپے دینے کا قانون ہے۔
مسئلہ بڑا، حالات بے قابو
وائلڈ لائف کے ماہرین کا خیال ہے کہ اب یہ مسئلہ ایک بڑی شکل اختیار کر چکا ہے کیونکہ سرکاری عملہ ابھی مگرمچھوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ آبادی پر کنٹرول نہ ہونے کے سبب مگرمچھ گاؤں میں بھی گھس رہے ہیں۔
انسانی آبادی میں موجود تمام دریا، تالاب اور نالے وغیرہ مکمل طور پر غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔
مقامی صحافی آشیش سیناپتی کا خیال ہے کہ بھیترکنیکا کے تقریباً چار بلاکوں میں حالات انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے عملے کے ہاتھوں سے نکل گئے ہیں۔
سیناپتی کہتے ہیں: ’مگرمچھ کی تعداد میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ سے یہاں کے ماہی گیروں اور لوگوں کی زندگیاں ہی داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ تالاب، نہریں، گھاٹیوں اور پانی کے ذرائع پر مضبوط جالیاں لگائے تاکہ لوگ مگرمچھ کے حملوں سے بچ پائیں۔ جہاں تک حملوں کے متاثرین کی بات ہے، تو تمام کو معاوضہ نہیں مل پا رہا ہے۔ ‘
لوگوں کی زندگی داؤ پر
اڑیسہ کے سرکاری محکمے کا دعویٰ ہے کہ اس نے مگرمچھ کے حملوں کو سنجیدگی سے لینا شروع کیا ہے۔
ابھی محکمہ جنگلات اور بھیترکنیکا پناہ گاہ کے عملے تالاب اور دریاؤں پر موجود گھاٹیوں پر جالیاں لگانے کے کام کر رہے ہیں تاکہ مگرمچھوں کے حملے سے لوگوں کو بچایا جائے۔
بھیترکنیکا میں تعینات سینیئر افسر کپلیندر پردھان کہتے ہیں کہ مسئلہ پیچیدہ تو ہوتا جا رہا ہے تاہم حکومت اس کا حل نکالنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔
بی بی بی سے گفتگو کرتے ہوئے، پردھان نے کہا: ’مگرمچھ دریاؤں میں رہتے ہیں۔ وہ پانی کے دوسرے ذرائع میں بھی آ جاتے ہیں۔ جب لوگ مچھلی پکڑنے یا نہانے جاتے ہیں تو ان پر مگرمچھ حملہ کر دیتے ہیں۔ ہم نے دریا اور پانی کے دوسرے ذرائع کے کناروں پر جالیاں لگانے کا کام شروع کیا ہے تاکہ مگرمچھ گاؤں کے تالابوں میں داخل نہ ہوں۔ ‘
پانی میں رہ کر مگر سے بیر
گھاٹوں اور تالابوں پر جالیاں لگائی جا رہی ہیں لیکن مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ جالیاں تو لگا دی گئی ہیں لیکن ان کی دیکھ بھال نہیں ہو رہی ہے اور یہ جلد ہی ٹوٹ بھی جا رہی ہیں اور تالاب اور دریاؤں کے گھاٹ غیر محفوظ کے غیر محفوظ ہی ہیں۔
بہرحال، اس جدوجہد میں کیندرپاڑا کے لوگوں کو اب اتنی سمجھ تو آ گئی ہے کہ تالاب میں رہ کر مگر مچھ سے دشمنی نہیں رکھ سکتے۔
- صدام حسین کے ’سکڈ میزائلوں‘ سے ایرانی ڈرونز تک: اسرائیل پر عراق اور ایران کے براہ راست حملے ایک دوسرے سے کتنے مختلف ہیں؟ - 17/04/2024
- پنجاب میں 16 روپے کی روٹی: نئے نرخ کس بنیاد پر مقرر ہوئے اور اس فیصلے پر عملدرآمد کروانا کتنا مشکل ہو گا؟ - 17/04/2024
- اسرائیل پر حملے سے ایران کو فائدہ ہوا یا نتن یاہو کو؟ - 17/04/2024
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).