’جج صاحبان بغض سے بھرے بیٹھے ہیں‘ : نواز شریف


اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ یہ جج صاحبان بغض سے بھرے بیٹھے ہیں۔

اس سے پہلے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دائر تین ریفرنسز میں باضابطہ فردِ جرم عائد کرتے ہوئے سماعت 15 نومبر تک ملتوی کر دی۔

عدالت سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ میں ان کی نا اہلی کے خلاف دائر درخواست پر منگل کو جاری ہونے والے تفصیلی فیصلے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کل ان کا بغض اور غصہ ان کے الفاظ میں سامنے آ گیا ہے۔ آپ نے دیکھا کہ جو الفاظ آئے ہیں اس میں وہ بغض ڈھل گیا ہے۔ ‘
انھوں نے مزید کہا کہ’ میں سمجھتا ہوں کہ یہ سارا بغض، غصہ اور سارے الفاظ تاریخ کا سیاہ باب بنیں گے۔ ‘

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ’ گذشتہ 70 سالوں میں کئی سیاہ اوراق ہماری عدلیہ کی جانب سے لکھے گئے، جب بھی ڈکٹیٹر آئے ہیں اور آج جو فیصلہ آیا ہے وہ بھی سیاہ باب میں لکھا جائے گا۔ ‘
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کی جانب سے نا اہلی کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے دائر کردہ درخواست کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے متعلق حقائق غیر منتازع تھے اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ فیصلے سے نواز شریف کو حیران کر دیا گیا۔

23 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ نواز شریف کی جانب سے جھوٹا بیان حلفی دیے جانے کو عمومی انداز سے نہیں دیکھا جا سکتا۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp