تفتیش


ڈوڈو: ’’تم شیعہ ہو یا سنی؟ ‘‘
میں: ’’نہ شیعہ، نہ سنی۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’کوئی مسلک تو ہوگا؟ ‘‘
میں: ’’نہیں، کوئی مسلک نہیں ہے۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’نماز نہیں پڑھتے؟ ‘‘
میں: ’’کبھی پڑھتا ہوں، کبھی نہیں پڑھتا۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’ہاتھ باندھ کے پڑھتے ہو یا کھول کر؟ ‘‘
میں: ’’کبھی ہاتھ باندھ کر، کبھی کھول کر۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’روزہ دس منٹ پہلے کھولتے ہو یا دس منٹ بعد؟ ‘‘
میں: ’’کبھی دس منٹ پہلے، کبھی دس منٹ بعد۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’صحابہ کو مانتے ہو یا اہل بیت کو؟ ‘‘
میں: ’’صحابہ کو بھی، اہل بیت کو بھی۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’والدین شیعہ تھے یا سنی؟ ‘‘
میں: ’’پتا نہیں۔ کبھی پوچھا نہیں۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’بیوی شیعہ ہے یا سنی؟ ‘‘
میں: ’’پتا نہیں۔ کبھی پوچھا نہیں۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’زیادہ دوست شیعہ ہیں یا سنی؟ ‘‘
میں: ’’پتا نہیں۔ کبھی پوچھا نہیں۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’فیس بک پر زیادہ گالیاں کن سے کھاتے ہو؟ ‘‘
میں: ’’شیعوں سے بھی، سنیوں سے بھی۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’عمرہ کیا ہے یا زیارات؟ ‘‘
میں: ’’ایک بار عمرہ، ایک بار زیارات۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’سعودی عرب میں رہنا چاہتے ہو یا ایران میں۔ ‘‘
میں: ’’نہ سعودی عرب میں، نہ ایران میں۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’دس محرم کے جلوس میں جاتے ہو یا بارہ ربیع الاول کے؟ ‘‘
میں: ’’دس محرم کے جلوس میں بھی، بارہ ربیع الاول کے بھی۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’اچھا جب تم مر جاؤ گے تو جنازہ کہاں پڑھایا جائے گا؟ ‘‘
میں: ’’قریبی مسجد میں۔ ‘‘

ڈوڈو: ’’قریبی مسجد کس مسلک کی ہے؟ ‘‘
میں: ’’شاید اہل تشیع کی۔ ‘‘
ڈوڈو: ’’اچھا! آج کے بعد کوئی پوچھے تو بتانا، تم شیعہ ہو۔ ‘‘

مبشر علی زیدی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

مبشر علی زیدی

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریر میں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

mubashar-zaidi has 194 posts and counting.See all posts by mubashar-zaidi