حلوائی، بھانڈ، کٹھ پتلیاں اور صحافی


سیٹھ سوئیٹس کے سیٹھ صاحب نے حلوائی کو بلاکر کہا، ’’میاں جمن! تمھارا بنایا ہوا حلوہ شان دار سوئیٹس والوں کی مٹھائیوں سے زیادہ فروخت نہیں ہورہا۔ ہم ایک دو ہفتے اور دیکھتے ہیں۔ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو اپنا بندوبست کرلینا۔‘‘

جمن نے عرض کیا، ’’جناب! پہلی بات یہ کہ شان دار سوئیٹس کی دکان بڑی ہے اور مرکزی شاہراہ پر ہے۔ آپ کی دکان چھوٹی اور اندر گلی میں ہے۔ دوسرے یہ کہ شان دار سوئیٹس والے مسلسل اشتہار بازی کرتے ہیں۔ تیسرے یہ کہ ان کے ہاں مٹھائیوں کی زیادہ ورائٹی ہے۔ آپ کے ہاں فقط لوکی کا حلوہ ملتا ہے۔ چوتھے یہ کہ۔ ۔ ۔‘‘

سیٹھ صاحب کا منہ بن گیا، ’’میاں کھل کر کہو، کیا کہنا چاہتے ہو؟‘‘

میاں جمن نے کہا، ’’حضور! میں حلوائی ہوں۔ میرا کام حلوہ بنانا ہے۔ کھاکر دیکھیں، پسند نہ آئے تو لات مار کے نکال دیں۔ لیکن فروخت میں کمی بیشی کا میں ذمے دار نہیں۔‘‘

وجاہت بھائی! میں نے یہ مکالمہ گزشتہ روز مٹھائی کی ایک دکان پر سنا۔ اس کے بعد بہت دیر تک اپنی میڈیا انڈسٹری کی صورتحال پر غور کرتا رہا۔ زیادہ نہیں، کچھ کچھ مطابقت ضرور دکھائی دی۔

ہم صحافی ہیں، ہمارا کام خبر کھوجنا، اسے اچھے طریقے سے لکھنا اور معیاری طریقے سے پیش کرنا ہے۔ پرنٹ میڈیا میں شاید اب بھی یوں ہے کہ اچھا کام کریں گے تو اچھے پیسے ملیں گے۔ اچھا کام نہیں کریں گے تو کام نہیں ملے گا۔ لیکن الیکٹرونک میڈیا کا دستور نرالا ہے۔ برا کام کریں لیکن ریٹنگ اچھی آجائے تو پروموشن مل جائے گی۔ اچھا کام کریں لیکن ریٹنگ بری آئے تو ملازمت سے ہاتھ دھونے پڑیں گے۔

پہلے اچھا صحافی وہ ہوتا تھا جو کڑوے باداموں کا حلوہ بناتا تھا۔ سچ کڑوا ہی ہوتا ہے۔ لیکن ٹی وی آنے کے بعد معیار بدل گیا۔ حلوے کے بجائے چاٹ بننے اور بکنے لگی۔ بارہ مسالے کی چاٹ۔ ادھورے سچ کی ٹاٹری، قیاس آرائیوں کا کیچپ، پھینٹے ہوئے دہی جیسا مونٹاج، رنگین گرافکس والا فالودہ، ہندی الفاظ کی چٹنی، سب کچھ سوائے آگہی کے۔

ہمارے اساتذہ نے بتایا تھا کہ میڈیا کی چار ذمے داریاں ہیں۔ آگاہ کرنا، تعلیم دینا، رہنمائی کرنا اور محظوظ کرنا۔ آگاہ کرنے کا رتبہ سب سے بلند، انٹرٹین کرنے کی اہمیت سب سے کم۔ لیکن وہ جو کسی نے کہا ہے کہ ٹیلی وژن انٹرٹیمنٹ کا دوسرا نام ہے، یہ بات ہمارے نیوز منیجرز سے زیادہ کسی کی سمجھ میں نہیں آئی۔

یہ بات کم لوگ جانتے ہیں کہ اب ڈائریکٹر نیوز نہیں ہوتے، نیوز منیجر ہوتے ہیں۔

کشتی کے مقابلے کرانے والی ایک تنظیم کا نام پہلے ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن تھا۔ اس کا مخفف ڈبلیو ڈبلیو ایف کیا جاتا تھا۔ پھر ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ والوں نے ان سے درخواست کی کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کے نام سے دنیا بھر میں ہم جانے جاتے ہیں، آپ کوئی اور نام رکھ لیں۔ ریسلنگ والے ذہین لوگ تھے۔ انھوں نے تنظیم کا نام ڈبلیو ڈبلیو ای رکھ لیا، یعنی ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ۔

وجاہت بھائی! مجھے خدشہ ہے کہ پاکستان کی نیوز انڈسٹری بھی انھیں خطوط پر چل رہی ہے۔

مسئلہ یہ نہیں کہ ہم صحافیوں کو بھانڈوں کی طرح جگتیں لگانی نہیں آتیں۔ پریشانی یہ نہیں کہ ہم میڈیا والوں کو بے سرے گلوکاروں کی طرح بھجن گانے نہیں آتے۔ فکر یہ نہیں کہ ہم ٹی وی والوں کو کٹھ پتلیوں کی طرح ناچنا نہیں آتا۔ افسوس اس بات کا ہے کہ اشاروں پر ناچنے کے باوجود بیشتر اداروں میں کسی صحافی کی ملازمت کا کوئی تحفظ نہیں۔

رات بھر کوٹھے پر ناچ ناچ کر تھکن سے چور ہوجانے کے باوجود اس الزام کے ساتھ رخصت کا پروانہ مل سکتا ہے کہ اس بار تماش بین کم تھے۔

وجاہت بھائی! آپ جانتے ہیں کہ میں پندرہ سال سے ایک ہی ادارے میں کام کررہا ہوں، پانچ چھ سال سے سب سے زیادہ ریٹنگ والے بلیٹن کا پروڈیوسر ہوں، میرے کولیگ، باسز اور مالکان سب قدر دان ہیں۔ میرے لیے سب اچھا ہے۔ لیکن یہ دل جو آج زیادہ دکھا ہوا ہے، یہ زبان جو آج زیادہ تلخ ہے، یہ قلم جو آج کاغذ کو چیرے جارہا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ کئی اچھے صحافی، کئی اچھے دوست ریٹ ریس ہارنے کے الزام میں گھر بیٹھے ہیں۔

کسی استاد کا جملہ یاد آرہا ہے، صحافی اور طوائفیں اپنی شامیں بیچ دیتے ہیں۔ اس پر شاگرد گرہ لگانا چاہتا ہے، طوائفیں اچھی کہ سودا بہتر کرتی ہیں۔

مبشر علی زیدی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

مبشر علی زیدی

مبشر علی زیدی جدید اردو نثر میں مختصر نویسی کے امام ہیں ۔ کتاب دوستی اور دوست نوازی کے لئے جانے جاتے ہیں۔ تحریر میں سلاست اور لہجے میں شائستگی۔۔۔ مبشر علی زیدی نے نعرے کے عہد میں صحافت کی آبرو بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

mubashar-zaidi has 194 posts and counting.See all posts by mubashar-zaidi

Subscribe
Notify of
guest
4 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments